50ہزار طلبہ کیلئے گوگل آئی ڈی مفت،1ہزار ٹیچرز کو کو رسز کرائینگے:مریم نواز

50ہزار طلبہ کیلئے گوگل آئی ڈی مفت،1ہزار ٹیچرز کو کو رسز کرائینگے:مریم نواز

لاہور(سیاسی رپورٹر سے )وزیر اعلیٰ مریم نوازسے الائیڈ،ٹیک ویلی،گوگل فار ایجوکیشن کے وفد نے ریجنل ہیڈ پال ہچنگس کی قیادت میں ملاقات کی۔ملاقات میں اہم فیصلے کیے گئے ،جس کے مطابق آسٹریلوی ادارہ الائیڈ کے اشتراک سے ’’کروم بکس‘‘ کی سمبلنگ پنجاب میں کی جائے گی۔

پنجاب کے سرکاری سکولوں کے 50ہزار طلبہ کوگوگل آئی ڈی مفت فراہم کیا جائے گا۔ سرکاری سکولوں کے ایک ہزار ٹیچرز کو فری ڈیجیٹل سرٹیفکیشن کورسز کرائے جائیں گے ۔15 ہزار یونیورسٹیز طلبہ کے لئے بھی مفت سرٹیفکیشن کورسز پراجیکٹ،ڈیڑھ کروڑ ڈالر فیس کے لئے گوگل فار ایجوکیشن معاونت کرے گا۔ پنجاب میں ڈیجیٹل سکول آن ویل پراجیکٹ لانچ کرنے کا اصولی فیصلہ بھی کیاگیا۔ملاقات میں ڈیجیٹل ایجوکیشن منصوبوں،سمارٹ کلاس روم اور ڈیجیٹل ایجوکیشنل ایکو سسٹم میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا۔آؤٹ آف سکول بچوں کا مستند ڈیٹا مرتب کرنے کے لئے گوگل فارایجوکیشن کی تکنیکی معاونت حاصل کرنے پر اتفاق کیاگیا۔مریم نواز نے کہاکہ نظام تعلیم میں خامیوں اور کمزوریوں کا تعین کرکے بہتری کے لئے کوشاں ہیں۔ایجوکیشن سسٹم ری ویمپ کیے بغیر مثبت تبدیلی ممکن نہیں۔ سرکاری سکولوں کے بار بار وزٹ کرکے صورتحال کا جائزہ لے رہی ہوں۔ اگر ہمارے طلبہ کو مواقع میسر ہوں تو کما ل کر سکتے ہیں۔

وزیراعلٰی نے گوگل ٹیم کو پنجاب حکومت کے آئی ٹی انیشیٹیوز سے آگاہ کیا۔مریم نواز نے اقوام متحدہ کے پبلک سروس ڈے پراپنے پیغام میں کہاہے کہ حکومت کی جانب سے عوامی خدمت کو بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کرنے کا دن ہے ۔محنت اور لگن کے بغیر پنجاب کی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔انہوں نے کہا کہ حکومتی پالیسیوں سے ان شاء اللہ سروس ڈیلیوری میں بہتری آئے گی۔ بیواؤں کے عالمی دن پراپنے پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ ان خواتین کی مشکلات کو سمجھنے کا دن ہے جو خاوند کی وفات کے بعد اکیلے اپنے بچوں کی پرورش کر رہی ہیں۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ باپ کا سایہ نہ ہونے پر اولاد کی پرورش دشوار ہے ۔بیوہ خواتین کو با اختیار بنانے کیلئے حکومت اور سول سوسائٹی کو مل کر کام کرنا ہوگا۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے خوشاب جوہر آباد میں جھولا گرنے سے بچوں سمیت 24 افراد کے زخمی ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیا ہے ۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کمشنر سرگودھا سے رپورٹ طلب کر لی ۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے زخمی بچوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کر کے کارروائی عمل میں لائی جائے ۔وزیراعلیٰ نے خانہ کعبہ کے محافظ، کلید بردار ڈاکٹر شیخ عبد الرحمن بن صالح زین العابدین آل شیبی کے انتقال پر افسوس کا اظہارکیا ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں