پنجاب کا بینہ:اپنا گھر پروگرام منظور،14اگست کو آغاز:سیاسی نہیں عوامی مفادات کے تحت فیصلے کرتی ہوں،مریم نواز

پنجاب کا بینہ:اپنا گھر پروگرام منظور،14اگست کو آغاز:سیاسی نہیں عوامی مفادات کے تحت فیصلے کرتی ہوں،مریم نواز

لاہور (اے پی پی)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 10واں اجلاس ہوا،چار گھنٹے طویل اجلاس میں56 نکاتی ایجنڈے پر غور کیاگیا۔ کابینہ نے اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کی منظوری دے دی پروگرام 14 اگست کو لانچ کیا جائے گا۔

 اجلاس میں دور دراز علاقوں میں ڈاکٹروں کی عارضی بنیادوں پر فوری تقرری اور ڈاکٹرز کے لئے الاؤنس بڑھانے ،پنجاب کسان کارڈ کی بھی منظوری دی گئی۔کابینہ نے پنجاب سکھ آنند کراج میرج رجسٹرار رولز 2024 اور پنجاب سکھ آنند کراج میرج رولز 2024 کی منظوری دی۔ وزیراقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا پنجاب دنیا بھر میں سکھ میرج ایکٹ نافذ کرنے والا پہلا صوبہ بن گیا ۔انڈیا میں بھی سکھوں کو ہندو ایکٹ کے تحت میرج رجسٹرڈ کرانا پڑتی ہے ۔بنیادی مراکز صحت، دیہی مراکز صحت اور بعض تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں پر ڈاکٹرز کے الاؤنس میں اضافے کی منظوری دی گئی۔وزیراعلیٰ نے ٹی بی ہسپتال سرگودھا، جوبلی فی میل ہسپتال بہاولپور اور مزنگ ہسپتال لاہور کا انتظام منتقل کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں 8 ممالک کے اوورسیز پاکستانیوں کوجائیداد کی منتقلی اور دیگر ریونیو سروسز کے لئے رجسٹریشن ایکٹ 1908 میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔چنگ چی اور رکشے کو بتدریج متبادل ماحول دوست ٹرانسپورٹ پر منتقل کرنے اور سموگ کے خاتمے کے لئے موٹرسائیکل کے لئے فٹنس سر ٹیفکیٹ کے حصول پر اتفاق کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے موٹر سائیکل فٹنس سرٹیفکیٹ کا طریقہ کارآسان بنانے کی ہدایت کی۔کابینہ نے یتیم طلبہ کو الیکٹرک بائیک دینے کے لئے طریقہ کار کی منظوری دی۔وزیراعلیٰ نے الیکٹرک بائیک دینے کے لئے پراسیس جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں آگاہ کیا گیا چند ماہ میں ہندو میرج ایکٹ بھی منظوری کے لئے پیش کردیا جائے گا۔اجلاس میں ریٹائرمنٹ کے بعد ملازمین کو سرکاری گھرکی الاٹمنٹ میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔وزیراعلیٰ اور کابینہ نے الاٹمنٹ میں توسیع کے اختیارات سرنڈر کردئیے ۔کابینہ نے پہلی مرتبہ ڈائریکٹر پبلک انسٹرکشنز،سی ای او، ڈی ای او او رڈی ڈی ای او کی تعیناتی کے شفاف طریقہ کار کی منظوری دی ۔

کابینہ نے پنجاب میں تمام محکموں کے لائبریرین (BS-16)کو ماسٹر ڈگری حاصل کرنے پر (BS-17) دینے ،جلالپور ایری گیشن پراجیکٹ میں ریلوے کراسنگز کی تعمیر کے لیے پاکستان ریلوے کے ساتھ مفاہمتی یاد داشت پر دستخط کی بھی منظوری دی ۔بہاولپور کے صادق گڑھ محل کو ‘‘محفوظ قدیم عمارت’’ قرار دینے ،ای پروکیور منٹ اور دیگر امور کے لئے پنجاب پروکیورمنٹ رولز میں 5 ترامیم اور پنجاب ڈرگزرولز 2007 میں ترامیم کی بھی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے پیڈمک او رفیڈمک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ اور دیگر کی نمائندگی کی منظوری دی۔اربن یونٹ، فیڈمک، پیڈمک، ٹیوٹا کے آڈٹ پر اتفاق کیا گیا۔ پنجاب میں پلگ اینڈ پلے گارمنٹ سٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔موبائل ایپ ٹیکسی سروسز کمپنیوں اور نجی گاڑیوں کو ریگولیٹ کرنے کے لیے صوبائی موٹر وہیکل آرڈیننس 1965 میں ترمیم ،بہاولپور سے لودھراں تک سپیڈو بسوں کے آپریشنز کے کنٹریکٹ کی مدت میں اضافے ،راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی (روڈا)کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے سروس کنٹریکٹ میں ایک سال کی توسیع ،صاف پانی اتھارٹی ایکٹ 2024 کی بھی منظوری دی گئی۔ نویں سے 12ویں جماعت کے لیے پاکستان کے قومی نصاب 2023( فیز-III)اور پہلی سے 12ویں جماعت کے لئے دینی تعلیم کے جدید/نظرثانی شدہ نصاب کو اپنانے کی منظوری دی گئی ۔مریم نواز نے کہا سیاسی نہیں عوامی مفادات کو مد نظر رکھ کر فیصلے کرتی ہوں۔ جب آپ عوامی اور ملکی مفاد کو سامنے رکھ کر فیصلے کرتے ہیں تو اللہ تعالیٰ اس میں برکت ڈالتا ہے ۔ کابینہ نے قائد اعظم پولیس میڈلز اور صدر پولیس میڈلز کے لیے 39 افسروں کی سفارشات وفاقی حکومت کو بھیجنے کی بھی منظوری دی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے اچانک چلڈرن لائبریری کمپلیکس میں چھاپہ مارا،خالی کمروں،لائبریری اور آڈیٹوریم میں لائٹس،پنکھے اور اے سی چل رہے تھے ،وزیراعلیٰ نے سرکاری وسائل کا بے جا ضیاع دیکھ کر برہمی کا اظہار کیا اور کمپلیکس کے بارے میں رپورٹ طلب کرلی۔وزیراعلی ٰ نے کنٹرولڈ ایکسس کوریڈور بند روڈ منصوبے کا بھی دورہ کیا۔انہوں نے بند روڈ پراجیکٹ کی تکمیل کے لئے جو لائی کی ڈیڈ لائن مقرر کردی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں