وزیراعلیٰ مریم اور نواز شریف کی زیر صدارت 5گھنٹے اجلاس،مری ڈویلپمنٹ پلان کی منظوری

وزیراعلیٰ مریم  اور  نواز شریف کی زیر صدارت 5گھنٹے اجلاس،مری ڈویلپمنٹ پلان کی منظوری

مری،لاہور (نمائندہ دنیا،اے پی پی)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز اور مسلم لیگ(ن)کے صدر نواز شریف کی زیر صدارت 5گھنٹے طویل خصوصی اجلاس ہواجس میں مری ڈویلپمنٹ پلان کی منظوری دی گئی۔

 ڈویلپمنٹ،بیوٹی فیکیشن، ٹرانسپورٹ، تعمیر وبحالی کے پراجیکٹس منظور کئے گئے ۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے تفصیلی بریفنگ دی۔ راولپنڈی تا مری ٹورسٹ گلاس ٹرین پراجیکٹ کی منظوری بھی دی گئی۔ ٹورسٹ گلاس ٹرین کے لئے انٹرنیشنل کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ مال روڈ پر قدرتی مناظر میں حائل ہائی رائز ہوٹل بلڈنگ ہٹانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ جی پی او چوک سے ہوٹل متبادل مقام پر منتقل کرنے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا۔ مال روڈ پر قدیمی عمارتوں کی یکساں صورت، سائن اور کلر سکیم نافذ کرنے کی ہدایت کی گئی ۔ اجلاس میں مری سمیت ہر شہر،علاقے میں تاریخی عمارتوں کے قدیمی نام بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ مری میں تعمیرات کے لئے بلڈنگ لاز میں ترمیم،منظوری کا اختیار صوبائی سطح پر منتقل کرنے کی منظوری دی گئی۔ غیر قانونی تعمیرات کی اجازت دینے والے حکام کے خلاف کارروائی کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔

شہر میں پینے کے پانی کی فراہمی کیلئے قلیل، اوسط اور طویل المدتی جامع پلان پیش کیا گیا۔ بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ موجودہ سسٹم کی مرمت اور بحالی کی جائے گی ، مری میں روزانہ 6 لاکھ گیلن سے زائد صاف پانی کی فراہمی ممکن ہو گی۔ مری کے دیہات کی 53 کلومیٹر سٹریٹ میں آر سی سی اور ٹف ٹائل لگائی جائیں گی۔ بارش کے پانی کو ذخیرہ کرکے گھریلو استعمال میں لانے کے پراجیکٹ کی منظوری بھی دی گئی، گھروں کی چھتوں سے گرنے والے بارشی پانی کو محفوظ کرکے سٹور کیا جائیگا۔ اولڈ راولپنڈی،مری کشمیر روڈ کی تعمیر و توسیع کی منظوری دی گئی۔وزیر اعلیٰ مریم نے قدیمی نام بحال کر نے کے لئے فوری قانون سازی ،ہر شہر میں تاریخ اور روایات سے مناسبت سے یادگار لگانے کی ہدایت کی۔ نوازشریف نے کہا غریب آدمی کو تنگ نہ کیا جائے ، حکومت سٹال خود لگا کر دے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا مری شہر پہلے سے بہت بہتر ہو چکا ہے ، عوام کے لئے بہترین بنائینگے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں