پشاور:فورسز کا آپریشن ،کمانڈر سمیت3دہشتگر دہلاک،4جوان شہید

پشاور:فورسز کا آپریشن ،کمانڈر سمیت3دہشتگر دہلاک،4جوان شہید

راولپنڈی،پشاور(خصوصی نیوز رپورٹر،دنیا نیوز)پشاور کے علاقے حسن خیل میں سکیورٹی فورسز اور پولیس کے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد دہشت گرد کمانڈر عبدالرحیم سمیت 3 دہشت گرد وں کو ہلاک کردیا گیا جبکہ بہادری سے مقابلہ کرتے ہوئے 4 جوان بھی شہید ہوگئے ۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پشاور کے علاقے حسن خیل میں انتہائی مطلوب دہشت گرد کی موجودگی کی اطلاع پر مشترکہ انٹیلی جنس آپریشن کیا گیا، حکومت نے دہشتگرد کمانڈر عبدالرحیم کے سر کی قیمت 60 لاکھ روپے مقرر کر رکھی تھی۔آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والوں میں صوابی کا 24 سالہ سپاہی محمد ادریس، کوہاٹ کا 34 سالہ سپاہی بادام گل، سی ٹی ڈی کے سب انسپکٹر تاج میر شاہ، اے ایس آئی محمد اکرم بھی شامل ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد کمانڈر عبدالرحیم کیپٹن حسین جہانگیر اور حوالدار شفیق اللہ پر 26 مئی کو حملے میں ملوث تھا، مارے گئے دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کر لیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز ملک میں امن اور استحکام کیلئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ ہیں۔دریں اثنا منگل کے روز شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کے ساتھ مقابلے میں شہید ہونے والے کیپٹن محمد اسامہ بن ارشد کو آبائی علاقے میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا ، آئی ایس پی آر کے مطابق نماز جنازہ اور تدفین میں سینئر حاضر سروس فوجی افسروں، جوانوں، شہید کے لواحقین اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی ، آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ مادر وطن سے دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے تک دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں