اسٹاک ایکسچینج:نیا ریکارڈ،پہلی بارانڈیکس 84ہزارکی سطح پربند

اسٹاک ایکسچینج:نیا ریکارڈ،پہلی بارانڈیکس 84ہزارکی سطح پربند

کراچی (آن لائن)معاشی بحالی پر سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھتے ہی اسٹاک مارکیٹ نے پیر کو ایک اور سنگ میل عبور کر لیا۔

کے ایس ای 100 انڈیکس 1300سے زائد پوائنٹس کے اضافے سے ملکی تاریخ میں پہلی بار مارکیٹ84ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کر کے بند ہوئی ، اگرچہ ٹریڈنگ کے دوران انڈیکس 85ہزار پوائنٹس کی سطح کو بھی چھو گیا تھا تاہم مارکیٹ کاروبار کے اختتام تک اس ریکارڈ سطح پر برقرار نہ رہ سکی،اس دوران سرمایہ کاروں کو 197ارب روپے کا منافع ہوا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 110 کھرب روپے سے تجاوز کر گیا جبکہ 48فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔ ماہرین کے مطابق مثبت معاشی اشاریوں اور تیل و گیس کے شعبے میں زبردست خریداری کی وجہ سے مارکیٹ میں ریکارڈ تیزی کا سلسلہ جاری رہا ،آٹوموبائل اسمبلرز، سیمنٹ، کمرشل بینکوں، فرٹیلائزر، آئل اینڈ گیس ایکسپلوریشن کمپنیوں اور او ایم سیز سمیت انڈیکس ہیوی سیکٹرز میں خریداری کا رجحان دیکھا گیا۔کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس 1378 پوائنٹس کے اضافے سے 84910پوائنٹس پر بند ہوا، اسی طرح کے ایس ای30 انڈیکس487پوائنٹس کے اضافے سے 27197 پوائنٹس اورآل شیئرز انڈیکس 53053پوائنٹس سے بڑھ کر54022پوائنٹس ہو گیا ۔ سرمایہ بڑھ کر 110 کھرب77ارب روپے ہوگیا۔ پیر کو30ارب روپے مالیت کے 44 کروڑ 95 لاکھ 7ہزار حصص کے سودے ہوئے۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں