پہلی خاتون چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم آج حلف اٹھائیں گی

پہلی خاتون چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ  جسٹس عالیہ نیلم آج حلف اٹھائیں گی

لاہور ،اسلام آباد (کورٹ رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) صدر مملکت آصف زرداری نے جسٹس عالیہ نیلم کو لاہور ہائیکورٹ، جسٹس محمد شفیع صدیقی کو سندھ ہائیکورٹ کا چیف جسٹس تعینات کرنے کی منظوری دے دی۔

 وزارت قانون نے نوٹیفکیشن جاری کردیا،پہلی خاتون چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس عالیہ نیلم کی حلف برداری کی تقریب آج گورنر ہائوس میں ہو گی،گورنر سلیم حیدر خان حلف لیں گے ۔جسٹس عالیہ نیلم کی بطور چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ تعیناتی عدالت عالیہ کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ہے ، جو کہ فاضل جج کی غیر معمولی قابلیت اور قانونی پیشے سے لگن کا ثبوت ہے ،جسٹس عالیہ نیلم ایک ممتاز جیورسٹ ہیں اور انکا شاندار کیریئردو دہائیوں پر محیط ہے ، جسٹس عالیہ نیلم12 نومبر 1966 کو پیدا ہوئیں، انہوں نے 1995 میں پنجاب یونیورسٹی لاہور سے ایل ایل بی کی ڈگری حاصل کی اور بعد میں اسی ادارے سے پولیٹیکل سائنس میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی، انہوں نے اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد سے شریعہ قانون اور ایڈوانسڈ شریعہ قانون میں ڈپلومہ کے ساتھ ساتھ پنجاب یونیورسٹی سے انٹلیکچوئل پراپرٹی رائٹس میں بھی ڈپلومہ حاصل کیا،مزید برآں انہوں نے پنجاب یونیورسٹی لاہور سے بیچلر آف ایجوکیشن کی ڈگری بھی حاصل کر رکھی ہے ،جسٹس عالیہ نیلم نے 1996 میں اپنے قانونی کیریئر کا آغاز کیا، پنجاب بار کونسل میں بطور وکیل انرولمنٹ حاصل کی اور بہت مختصر عرصہ میں آئینی قانون، وائٹ کالر کرائم، دیوانی، فوجداری، انسداد دہشت گردی کے قوانین، نیب، بینکنگ جرائم، خصوصی مرکزی عدالتوں کا قانون، اور بینکنگ قوانین سے متعلقہ امور میں اپنے آپ کو ایک مضبوط وکیل کے طور پر منوایا، انہوں نے 2008 میں سپریم کورٹ کے وکیل کے طور پر لائسنس حاصل کیا،جسٹس عالیہ نیلم 2013 میں لاہور ہائی کورٹ کی ایڈیشنل جج کے طور پر تعینات ہوئیں، بعدازاں 16 مارچ 2015 کو بطور مستقل جج حلف اٹھایا، جسٹس عالیہ نیلم 203 قابلِ نظیر فیصلے دے چکی ہیں، جن میں متعدد قانونی نکات کو زیرِ بحث لایا گیا ہے ۔ جسٹس عالیہ نیلم نے اوکاڑہ، ننکانہ، گجرات، شیخوپورہ اور راولپنڈی سمیت متعدد اضلاع کیلئے بطور انسپکشن جج بھی فرائض سرانجام دئیے ہیں اور مختلف خصوصی عدالتوں اور ٹربیونلز کیلئے مانیٹرنگ/ایڈمنسٹریٹو جج کے طور پر کام کیا،جسٹس عالیہ نیلم صوبہ بھر کی انسدادِ دہشت گردی عدالتوں کی پہلی خاتون ایڈمنسٹریٹو جج بھی رہیں، اپنے پورے کیریئر کے دوران جسٹس مس عالیہ نیلم صنفی مساوات اور خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے پر عز م نظر آئیں۔ جسٹس عالیہ نیلم نے امریکا، فلپائن، ارجنٹائن، نیوزی لینڈ میں منعقدہ مختلف بین الاقوامی کانفرنسوں میں بھی شرکت کی اور اپنے علم اور مہارت کی بنیاد پر پاکستانی عدلیہ کی بھرپور نمائندگی کی، مزید برآں جسٹس عالیہ نیلم نے صوبہ پنجاب میں ای کورٹس میں ٹرائل کے دوران شواہد اور بیانات ریکارڈ کرنے کیلئے سٹینڈنگ آپریٹنگ پروسیجر (ایس او پیز) کی تیاری میں اہم کردار ادا کیا، ای کورٹس کے ذریعے شواہد ریکارڈکرنے کا عمل پورے پنجاب میں نافذ کردیا گیا ہے ، جس کی بدولت مقدمات کی کارروائی کی کارکردگی اور شفافیت میں اضافہ ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں