ملک مشکل میں،حکومت آئی ایم ایف سے بات کیوں نہیں کرتی:زرداری

ملک مشکل میں،حکومت آئی ایم ایف سے بات کیوں نہیں کرتی:زرداری

لاہور ( یاسین ملک )صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ملک مشکل میں ہے ،حکومت آئی ایم ایف سے بات کیوں نہیں کرتی ؟۔ صدر کی زیر صدارت بلاول ہائوس لاہور میں ہونے والے پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

 ذرائع کے مطابق صدر آصف زرداری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اپنے صاحبزادے بلاول بھٹو پر بھی عدم اعتماد کر دیا ۔ کہاکہ دس سال میں دیکھتا رہا مگر پیپلزپارٹی نہیں چل سکی ، پارٹی تنظیمیں نہیں چلیں، اب میں خود پارٹی چلائوں گا ۔ صدر نے کہا کون کیا کر رہا ہے سب جانتا ہوں ،اب خود میدان میں آگیا ہوں ، اسلام آباد ہوں یا لاہور سب سے کام کرائو ں گا ،آصف علی زرداری نے کہا کوئی سیاسی جماعت پیپلزپارٹی کا مقابلے نہیں ،میری جماعت پر تنقید ہوتی ہے یہ غیبت ہے اس کا مجھے ثواب ملتا ہے ،صدر مملکت نے پنجاب کی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ایک دوسرے کو نکالنے میں لگے ہیں مل کر کیوں نہیں بیٹھتے ، زرداری نے حکومت کی کارکردگی کے حوالے سے کہا آئی ایم ایف سے قرضے لیکر کیوں عوام کا امتحان لیا جارہا ہے آپ آئی ایم ایف سے بات کیوں نہیں کرتے ، کمرے میں بٹھائیں اور ٹیبل ٹاک کریں۔انہوں نے کہا ان سے حکومت نہیں چل رہی،ایک سابق وزیراعظم جو ‘‘میں میں’’ کرتا تھا آج جیل میں بیٹھا ہے ،بولے ہم حکومت بنانا بھی جانتے ہیں اور گرانا بھی ہم اپنی عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ،آصف علی زرداری بولے آپ سب تیار ہو جائیں ہم نے بہت کام کرنا ہے ،نوجوانوں کو آگے لائیں گے پنجاب قیادت کیوں نوجوانوں کو موقع نہیں دے رہی یہ وقت ہے کہ پیپلزپارٹی کے نوجوانوں سے مثبت سیاست کروائی جا ئے ۔

اپنے اپنے مفاد کا نہ سوچیں نئے لوگوں کو موقع دیں، ہمیشہ پیپلزپارٹی ہی بہترین سیاسی رہنمائوں کو جنم دیتی ہے ،میں نے ہمیشہ سیاست سکھائی ہے ۔میرا ملک مشکل میں ہے ، اسے سب نے ملکر بچانا ہے ۔ صدر مملکت نے پیپلز پارٹی کی تنظیم نو کے حوالے سے کہا تنظیم سازی کی رپورٹ مکمل کرکے فوری دیں،ڈرائنگ روم کی سیاست نہیں کرنی باہر نکلنا ہے ۔دوسری طرف پارٹی رہنما صدر زرداری کے سامنے ن لیگ کے نارواسلوک پر پھٹ پڑے ، زرداری نے جواب میں کہا مجھے پتہ ہے ، پارٹی کے سینئر رہنما ئوں کی طرف سے مریم نواز کے روئیے پر بھی شکوہ کیا گیا ۔ جواب میں زرداری کا کہنا تھا کہ صدر پاکستان کے عہدے کا پاس نہیں کیا ،ووٹ کو عزت دینے کا نعرہ مارنے والے آئینی عہدوں کا تقدس بھی بھول گئے ہیں ۔قبل ازیں صدر زرداری کی زیر قیادت پیپلزپارٹی پنجاب کے ٹکٹ ہولڈرز تنظیمی عہدیداران کا اجلاس بلاول ہاؤس میں ہوا اجلاس میں گورنر پنجاب سلیم حیدر خان سمیت دیگر پارٹی رہنمائوں نے شرکت کی ۔زرداری نے کہا کہ سوات میں جب پاکستان کا جھنڈا اتار دیا گیا تھا اس وقت پیپلزپارٹی کی وہاں حکومت تھی جس نے جھنڈاواپس لگایا ۔ آصف زرداری نے ٹکٹ ہولڈرز اور پارٹی رہنمائوں کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں