حکومت کا جماعت اسلامی سے رابطہ ، دھرنا ملتوی کرنیکی استدعا مسترد

 حکومت کا جماعت اسلامی سے رابطہ ، دھرنا ملتوی کرنیکی استدعا مسترد

لاہور (نامہ نگار خصوصی ،نیوز ایجنسیاں) جماعت اسلامی نے حکومت کی جانب سے محرم میں دھرنے کے التوا کی استدعا مسترد کر دی۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے گزشتہ رات جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل امیرالعظیم سے رابطہ کیا اور اپیل کی کہ محرم پر بہت سے سکیورٹی خطرات اور خدشات ہیں لہذا دھرنا ملتوی کر دیں جس پر امرالعظیم نے کہا ہمارادھرنا پر امن اور قانون کے دائرے میں ہوگا۔ وزیر داخلہ نے کہا ہماری استدعا پر غور کریں ہمیں آپ سے اچھی توقعات ہیں جس پر امیرالعظیم نے کہا پریشان نہ ہوں دھرنا پر امن ہو گا۔دریں اثنا امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ بجلی نرخوں کا ہوشرباٹیرف، سلیب سسٹم اورظالمانہ آئی پی پیز معاہدے ختم کیے جائیں،بجلی سستی کی جائے ، بلوں پر بھاری ٹیکسز قبول نہیں، عوام کو سولر سسٹم نہیں ڈائریکٹ ریلیف دیا جائے ۔ ن لیگ جب بھی اقتدار میں آتی ہے تو بڑے منصوبوں کے نام پرنئے نئے کاروباری دھندوں کا آغاز کردیتی ہے ، آصف زراداری جاگیرداروں کے نمائندے ہیں، 12جولائی کو اسلام آباد میں بڑادھرنا دیں گے ، عوامی مطالبات منظوری تک نہیں اٹھیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اچھرہ میں جماعت اسلامی لاہور کے تحت اسلام آباد دھرنابارے عوام موبلائزیشن کیمپ اور لیسکو آفس کے باہر دھرنے سے خطاب و میڈیا سے گفتگو کرتے کیا۔ سیکرٹری جنرل امیر العظیم ودیگررہنماہمراہ تھے ۔ انہوں نے حساس ادارے کو شہریوں کے فون ٹیپ کرنے کی اجازت کو آئین کے آرٹیکل نو اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی قرار دیا اور حکومت کو خبردار کیا کہ آئین پامال کرنے سے باز رہے ، یہ اقدام پاکستانیوں کی توہین ہے ، پہلے ہی ججز تک محفوظ نہیں، پی ڈی ایم ٹو حکومت چل رہی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں