مخصوص نشستیں:پیپلزپارٹی کی بھی نظرثانی درخواست:تحریک انصاف کو بن مانگے سیٹیں دی گئیں،سپریم کورٹ12جولائی کا فیصلہ واپس لے :درخواست میں موقف

مخصوص نشستیں:پیپلزپارٹی کی بھی نظرثانی درخواست:تحریک انصاف کو بن مانگے سیٹیں  دی گئیں،سپریم کورٹ12جولائی کا فیصلہ واپس لے :درخواست میں موقف

اسلام آباد(نمائندہ دنیا)پاکستان پیپلز پارٹی نے بھی تحریک انصاف کو مخصوص نشستیں دینے کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں نظرثانی درخواست دائر کردی ۔

پیپلز پارٹی کی طرف سے فاروق ایچ نائیک نے 12 جولائی کے مخصوص نشستوں کے فیصلے کیخلاف نظر ثانی دائر کی ہے جس میں حامد رضا، الیکشن کمیشن اور سنی اتحادکونسل سمیت 11 افراد کو فریق بناتے ہوئے سپریم کورٹ سے فیصلہ واپس لینے کی استدعا کی گئی ہے ،پیپلز پارٹی نے مؤقف اختیار کیا کہ چیئرمین سنی اتحادکونسل حامد رضا نے بطور آزاد امیدوارانتخابات میں حصہ لیا، سنی اتحادکونسل سے کسی نے الیکشن نہیں لڑا تو مخصوص نشستیں نہیں مل سکتیں۔تحریک انصاف نے درخواست دائرنہیں کی، نہ فریق بنی، تحریک انصاف کو مخصوص نشستیں نہیں دی جاسکتیں، تحریک انصاف کو بن مانگے نشستیں دی گئی ہیں،سپریم کورٹ کا آرڈر اصل تنازع پر مکمل خاموش ہے ، عدالت کا 12 جولائی کا آرڈر آئین کی تشریح کے اصول کے منافی ہے ، عدالتی فائنڈنگ سنی اتحاد کونسل و فریقین کی گزارشات کے برعکس ہیں، سنی اتحاد کونسل اور تحریک انصاف الگ الگ سیاسی جماعتیں ہیں، عدالتی آرڈر میں 41 ارکان کو 15 دن کی مہلت آئین و قانون سے متصادم ہے۔

سنی اتحاد کونسل کے 80 ارکان میں سے کوئی عدالت کے سامنے نہیں آیا، تحریک انصاف کسی فورم پر پارٹی تھی ہی نہیں، 39 ارکان کو تحریک انصاف کا قرار دینا قابل نظر ثانی ہے ،پیپلزپارٹی نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر چند سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ کیا سنی اتحادکونسل کو مخصوص نشستیں ملنی چاہئیں؟ کیا ایسی جماعت کو مخصوص نشستیں ملنی چاہئیں جس نے فہرست جمع نہیں کرائی؟ کیا ایسی جماعت کو مخصوص نشستیں ملنی چاہئیں جس کے امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع نہیں کرائے ؟ کیا مخصوص نشستیں خالی چھوڑی جاسکتی ہیں یا ایسی جماعت کو دے دی جائیں جس نے الیکشن لڑاہو؟ کیا مخصوص نشستیں ایسی جماعت کو مل سکتی ہیں جن کا ایک امیدوار بھی قومی و صوبائی سیٹ نہ جیتاہو؟ مخصوص نشستوں سے متعلق متناسب نمائندگی کیا ہے ؟ یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے پشاور ہائیکورٹ اور الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے مخصوص نشستیں پی ٹی آئی کو دینے کا حکم دیا ہے ،مسلم لیگ ن پہلے ہی اس فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست دائر کر چکی ہے ، تاہم سپریم کورٹ کی پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ کے تحت قائم 3رکنی ججز کمیٹی نے نظر ثانی درخواست کو ستمبر کی تعطیلات کے بعد مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں