9 مئی کے مقدمات: عمران خان کا پولی گراف، وائس میچنگ ٹیسٹ کرانے سے انکار

راولپنڈی: (دنیا نیوز) 9 مئی کے مقدمات میں بانی پی ٹی آئی عمران خان سے لاہور پولیس نے تفتیش کا پہلا مرحلہ مکمل کرلیا۔

تفتیش کے دوران پولیس نے عمران خان سے مختلف سوالات کئے، عمران خان نے سوالات کے جواب دینے سے انکار کر دیا، کہا مجھے پولیس پر اعتبار نہیں، تفتیشی ٹیم کے سربراہ ڈی ایس پی جاوید آصف نے جواب دیا کہ آپ پولیس کے تفتیشی افسروں سے تعاون کریں ہم آپ کے ساتھ انصاف کریں گے۔

ڈی ایس پی جاوید آصف کی جانب سے انصاف کی یقین دہانی پر بانی چیئرمین نے 15 منٹ تک پولیس کے سوالات کے جوابات دیئے، تفتیش کے دوران عمران خان نے پی ایف ایس اے کی ٹیم کو تین ٹیسٹ دینے سے بھی انکار کر دیا۔

بانی پی ٹی آئی نے پی ایف ایس اے کی ٹیم کو جواب دیا کہ میں بہت سے تفتیشی اداروں کے زیر تفتیش ہوں فی الحال کوئی ٹیسٹ نہیں کراؤں گا، مختلف ٹیسٹ کرنے کے حوالے سے بعد میں پولیس کو وقت دوں گا، پی ایف ایس اے کی ٹیم نے بانی پی ٹی آئی کے پولی گراف، وائس میچنگ اور فوٹوگرامیٹری ٹیسٹ کرنے تھے۔

تفتیش کا پہلا مرحلہ مکمل ہونے پر لاہور پولیس کی تفتیشی ٹیم اڈیالہ جیل سے چلی گئی، لاہور پولیس کی تفتیشی ٹیم ڈی ایس پی جاوید آصف کی سربراہی میں اڈیالہ جیل پہنچی تھی، گزشتہ روز بانی چیئرمین نے تفتیشی ٹیم سے تعاون سے انکار کر دیا تھا۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں