لاہور: ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن کی نشاندہی پر لڑکی کو ہراساں کرنیوالا ملزم گرفتار

لاہور: (دنیانیوز) ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن نے لڑکی کو ہراساں اور زیادتی کی کوشش کرنے والا ملزم گرفتار کروا دیا۔

ترجمان سیف سٹی اتھارٹی کے مطابق ٹھوکر نیاز بیگ کے نجی ہاسٹل میں رہائش پذیر طالبہ کو ادھیڑ عمر وارڈن نے ہراساں کرنے کی کوشش کی، لڑکی کے بھائی نے پولیس ہیلپ لائن 15(ون فائیو) پر زیادتی کی کوشش اور ہراسگی کی شکایت درج کروائی۔

ترجمان نے بتایا کہ ہاسٹل کے ادھیڑ عمر وارڈن نے لڑکی کو کمرے میں اکیلے پا کر زیادتی اور ہراساں کرنے کی کوشش کی، لڑکی کے شور مچانے پر ملزم کمرے سے بھاگ گیا۔

اتھارٹی ترجمان کے مطابق ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن نے کیس کی حساسیت کے پیش نظر فوری طور پر پولیس کو موقع پر روانہ کیا، پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزم کو حراست میں لے لیا۔

سیف سٹی ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ورچوئل ویمن پولیس سٹیشن خواتین کے تحفظ اور انصاف کی فراہمی کے لیے کوشاں ہے، خواتین خود کو غیر محفوظ سمجھتے ہی فوری طور پر 15 پر کال یا ویمن سیفٹی ایپ کے ذریعے شکایت درج کروائیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں