جہلم میں مبینہ مقابلہ، 2 ملزم ہلاک، قصور میں لوگوں نے اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا

جہلم: (دنیا نیوز) جہلم میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران 2 خطرناک ملزم ہلاک جبکہ قصور میں ڈاکو کی گرفتاری کیلئے جانے والی ٹیم کو لوگوں نے یرغمال بنا لیا۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب پولیس کے اہلکار زیر حراست 2 ملزموں کو ریکوری کیلئے نشاندہی والی جگہ پر لے جا رہے تھے کہ جہلم کے علاقے تھانہ دینہ کی حدود میں گھات لگائے ساتھیوں نے ملزم کو چھڑانے کیلئے پولیس پر فائرنگ کر دی۔

پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران ساتھیوں کی گولیاں لگنے سے دونوں ملزم موقع پر دم توڑ گئے، فائرنگ کے بعد ملزم اندھیرے کی آڑ لیتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، پولیس نے ملزموں کی تلاش کیلئے ناکہ بندی کر دی۔

دوسری جانب قصور میں تھانہ کھڈیاں کے علاقے محمود پورہ میں پولیس نے ڈاکو کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مارا تو اس دوران دوطرفہ فائرنگ کا تبادلہ شروع ہو گیا، گولیاں لگنے سے ڈاکو زخمی ہو گیا جبکہ گاؤں والوں نے اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا۔

اطلاع ملنے پر پولیس کی مزید نفری موقع پر پہنچ گئی اور لوگوں کی جانب سے یرغمال بنائے جانے والے اہلکاروں کو بازیاب کروا کر ساتھ لے گئے، پولیس نے کار سرکار میں مداخلت کرنے پر شہریوں کیخلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں