فوج اپنا نمائندہ مقررکرے،ہم مذاکرات کیلئے تیار ہیں:عمران خان:اچانک ترلے منتیں شروع،بات چیت کا امکان نظرنہیں آتا:وزیراطلاعات

فوج اپنا نمائندہ مقررکرے،ہم مذاکرات کیلئے تیار ہیں:عمران خان:اچانک ترلے منتیں شروع،بات چیت کا امکان نظرنہیں آتا:وزیراطلاعات

راولپنڈی(خبرنگار،دنیا نیوز)بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ پاک فوج اپنا نمائندہ مقرر کرے ہم مذاکرات کیلئے تیار ہیں، ہم نے فوج پر کبھی الزامات نہیں لگائے بلکہ ہم نے تنقید کی ہے۔

محسن نقوی سے بات نہیں کروں گا ۔اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی نے کہا محمود خان اچکزئی کو ہم نے مذاکرات کا مینڈیٹ دیا تھا، دوسری طرف سے کوئی نام سامنے آتا تو ہم بات کرتے ،  محمود خان اچکزئی پر ہمارا پورا بھروسہ ہے ، مذاکرات کے لئے پہلا مطالبہ ہے چوری کیا گیا مینڈیٹ واپس کیا جائے ، مذاکرات کے لئے دوسرا مطالبہ گرفتار کارکنان کی رہائی اور مقدمات کا خاتمہ ہے ، تیسرا مرحلہ ملک بچانے کا ہے جو صاف شفاف الیکشن کے بغیر ممکن نہیں۔ مولانا فضل الرحمن نے اسمبلیوں سے استعفے کی جو بات کی ہے وہ تیسرے مرحلے کی بات کر رہے ہیں، جماعت اسلامی کے دھرنے کی مکمل حمایت کرتا ہوں، ہماری پارٹی اس دھرنے میں بھرپور شرکت کرے گی، پارٹی لیڈر شپ کو کہوں گا کہ آج ہی جماعت اسلامی کے دھرنے میں شمولیت اختیار کریں، حالات یہ ہیں کہ میرے جیل کے کمرے کی صفائی کرنے والے کا بجلی بل 40 ہزار آیا، 9 مئی واقعات میں ہماری بے گناہی سی سی ٹی وی میں چھپی ہے ، اگر 9 مئی میں پی ٹی آئی کا کوئی بندہ ملوث ہے تو اسے ضرور سزا دیں، 28 سالہ جدوجہد میں کبھی توڑ پھوڑ کی بات نہیں کی، حکومت کا ایک ہی مقصد ہے پی ٹی آئی اور فوج کی لڑائی کروا کر ہماری جماعت ختم کروائیں، یہ دونوں جماعتیں سمندر میں ڈوب رہی ہیں، انہوں نے کہا کہ میں نے نیب پراسیکیوٹر سے معافی نہیں مانگی، یہ کہا تھا کہ آپ سے کوئی مسئلہ نہیں، نیب والے نااہل ہیں یا بے ضمیر ہیں، نیب کی وجہ سے میں ایک سال سے جیل میں ہوں، جس آدمی کو گھر سے نکالا اسی کو میرے خلاف وعدہ معاف گواہ بنا دیا گیا، میرے اوپر 2 سو مقدمات درج کرنے پر دنیا ان کا مذاق اڑا رہی ہے ، پرویز الٰہی نے بڑی مشکلات کا سامنا کیا، اس کی 3 پسلیاں ٹوٹیں، میں اس کی تعریف کرتا ہوں۔ہمارے 25 کارکن اب تک غائب ہیں سوشل میڈیا ایکٹوسٹ احمد جنجوعہ کو گھر سے گرفتار کرکے دہشت گرد بنا دیا گیا ۔ مریم نواز فاشسٹ ہیں انہوں نے آئی جی پنجاب کو اسی لئے رکھا ہے کہ اس نے تحریک انصاف پر ظلم کیا ہے ۔

اسلام آباد(نامہ نگار،دنیا نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا پھر یوٹرن ،بانی پی ٹی آئی آج مذاکرات کیلئے منتیں ترلے کر رہے ہیں، نیوٹرل ہونا شاید بانی پی ٹی آئی کو قبول نہیں،آپ کبھی گریبان پکڑتے ہیں اور کبھی پاؤں میں گرتے ہیں،آپ قومی سلامتی کے اداروں اور ملک کی سلامتی کیلئے خطرہ پیدا کرتے ہیں،مفادات کیلئے ادارے کو سیاست میں گھسیٹنا چاہتے ،جب سے جیل میں ہیں معیشت بہتر ہورہی ہے ۔ پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہابانی پی ٹی آئی دوبارہ یو ٹرن لے رہے ہیں،آپ 9 مئی کے حملے کرتے ہیں، شہدائکی یادگاروں کو مسمار کرتے ہیں،آپ کے جرائم کی فہرست بہت طویل ہے جو ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی،آپ قومی سلامتی کے اداروں اور ملک کی سلامتی کے لئے خطرہ پیدا کرتے ہیں،کور کمانڈر ہاؤس کے باہر آپ کی بہنیں موجود تھیں،آپ جھوٹا بیانیہ گھڑتے ہیں اور عوام کو گمراہ کرتے ہیں،ملک کی سلامتی پر کوئی کمپرو مائز نہیں کیا جائے گا،آپ ملک کی سلامتی کے لئے سکیورٹی رسک ہیں، بانی پی ٹی آئی نے ملکی مفادات کے خلاف سیاست کی،آپ کی پارٹی کے لوگ کہتے رہے کہ خان نہیں تو پاکستان نہیں،یہ خیبر پختونخوا میں دہشت گردوں کو واپس لائے ،آج وہاں حالات خراب ہیں،11 سال سے یہ خیبر پختونخوا میں حکومت کر رہے ہیں، امن کے قیام کے لئے انہوں نے کیا اقدامات کئے ،پی ٹی آئی نے سوشل میڈیا پر اداروں کے خلاف منظم مہم چلائی،2018ئمیں ہم ترقی کرتا ہوا پاکستان چھوڑ کر گئے تھے ، انہوں نے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچایا، آج ہم معاشی اصلاحات کے ایجنڈے پر گامزن ہیں۔آج معیشت کے حوالے سے اچھی خبریں آ رہی ہیں۔آج ہماری برآمدات میں 3 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے ۔تمام معاشی اشاریئے بتا رہے ہیں کہ معیشت میں بہتری آ رہی ہے ۔موجودہ حکومت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔آپ نے معیشت کی بحالی کے لئے کیا اقدامات کئے ۔

یہ ملک دشمن ایجنڈے کو دیکھتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ مجھ سے بات کرلو،یہ 9 مئی کا اعتراف بھی کرتے ہیں اور پولی گراف ٹیسٹ سے بھی بھاگتے ہیں،یہ اس لئے پولی گراف ٹیسٹ سے بھاگتے ہیں کہ سچ ثابت ہو جائے گا،ان کے ترلے منت کے پروگرام اس بات کا شاخسانہ ہے کہ ان کا ایک سیل پکڑا گیا ہے اس میں شواہد موجود ہیں۔دریں اثنا سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے بانی پی ٹی آئی کے بیان پر ردعمل میں کہا معافی نہیں مانگوں گا کہنے والا خود ساختہ انقلابی اب منت ترلوں پر اتر آیا ہے ۔ انہوں نے کہا خود ساختہ انقلابی فوج سے کس بات کے مذاکرات چاہتا ہے ، شہدا کے مجسمے توڑنے ، جی ایچ کیو اور ایئر بیس پر حملے کرنے ، کورکمانڈر کا گھر جلانے پر فوج سے معافی مانگے ۔ مذاکرات نہیں شہدا کے اہل خانہ سے 9 مئی کے گناہ کی معافی مانگو، 9 مئی کا منظم منصوبہ، شہدا کی یادگاروں کی توہین، تنصیبات اور جی ایچ کیو پر حملہ تنقید نہیں ریاست پر حملہ ہوتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اقتدار کی خاطر آئین توڑنے والا فاشسٹ ہوتا ہے ۔وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا بانی پی ٹی آئی اپنی جرم تراشیوں، ناکام بغاوت اور سازشوں کا ملبہ مریم نواز پر مت ڈالیں۔ مسٹر ہٹلر پارٹ ٹو مریم نواز پر فاشسٹ ہونے کا الزامات لگاتے آپکو شرم آنی چاہئے ،فاشسٹ اور ذاتی عداوت کے مارے حکمران آپ تھے جس نے بطور وزیراعظم سو سے زیادہ لیگی رہنماؤں کو سیاسی مقدمات میں گرفتار کروایا اس کے باوجود ایک بھی لیگی رہنما نے نوازشریف اور مسلم لیگ ن کا ساتھ نہیں چھوڑا، تحریک انصاف کے انقلابیوں نے ایک ایک رات جیل میں گزارنے کے بعد اگلے دن لائنیں لگا کے پریس کانفرنسیں کیں۔ نو مئی کی ناکام بغاوت کا حساب بھی دینا ہوگا اور سزا بھی بھگتنی پڑے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں