پنجاب:بجلی بلوں میں ریلیف کا اعلان:اگست،ستمبر میں 500یونٹ تک14روپے فی یونٹ رعایت ملے گی،سولر پینلز بھی دیئے جائینگے:نواز شریف،مریم نواز

پنجاب:بجلی بلوں میں ریلیف کا اعلان:اگست،ستمبر میں 500یونٹ تک14روپے فی یونٹ رعایت ملے  گی،سولر پینلز بھی دیئے جائینگے:نواز شریف،مریم نواز

لاہور،اسلام آباد(نامہ نگار،دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک)سابق وزیراعظم نواز شریف نے اعلان کیا ہے کہ پنجاب حکومت نے ایک سے 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والوں کیلئے فی یونٹ 14 روپے کمی کردی ہے اور یہ ریلیف صوبے کے عوام کو دیا جائے گا۔

صدر مسلم لیگ ن نواز شریف نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ہمراہ پریس کانفرنس کی۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور زائد بجلی کے بلوں پر عوام کے کرب کا اندازہ ہے ان سب کی ذمہ دار عمران خان حکومت ہے ، 21 اکتوبر کی تقریر میں بھی میں نے بجلی کی قیمت پر تفصیل سے گفتگو کی تھی، میرا ذہن بار بار 2017 کی طرف جاتا ہے جب بل کم تھے ، لوگ آسانی سے زندگی گزارتے تھے ۔ہمارے زمانے میں دس دس روپے کلو سبزیاں ملتی تھیں،2013 میں جب ٹیک اوور کیا تو پاکستان تقریباً ڈیفالٹ کی حالت میں تھا اور اس معیشت کو ٹھیک کرکے دنیا کی بہترین ترقی والی قوموں میں شامل کردیا یہ میرے نہیں دنیا بھر کے اخبارات و جرائد کے الفاظ ہیں، جب تک مجھے نکالا نہیں گیا اس وقت تک ڈالر 104 روپے پر رہا ، چند ججوں نے بیٹے سے 10 ہزار درہم تنخواہ نہ لینے پر مجھے نکال دیا ۔

میں آج بھی یہی پوچھتا ہوں کہ مجھے کیوں نکالا؟ ،غریب عوام کے 1600کے بل کو 18ہزار تک پہنچانے والے نا قابل معافی ہیں ،مجھے اس لئے نکالا غریبوں کا بل 1600روپے کیوں آتا تھا،اس لئے نکالا کہ 104والے ڈالر کو 250روپے پر پہنچا دیا جائے ، کیا ان کو کوئی پوچھنے والا نہیں جنہوں نے ملک کو اس حالت تک پہنچایا ،انہوں نے بہت بڑا جرم کیا ،ملک کے ساتھ زیادتی کی ۔ مہنگائی کے ذمہ دار ہم نہیں، مجھے یہ کہنے میں کوئی عار نہیں یہ عمران خان کے زمانے سے سارا کام شروع ہوا ، عمران خان کس طرح اقتدارمیں آئے ، جو پاکستان کی تباہی و بربادی کا سامان کر کے چلے گئے ،عوام سے درخواست کرتا ہوں،اب ان کے دھوکے میں نہ آئیں، ہم نے تو آئی ایم ایف کو خدا حافظ کہہ دیا تھا،آئی ایم ایف کو لانے والے وہ ہیں جو آج بڑھ چڑھ کر جیل میں بیٹھ کر باتیں کر رہے ہیں ۔نوازشریف نے کہا ہم نے لوڈشیڈنگ کا مسئلہ ختم کیا اور بجلی کے کارخانے لگائے ، ریکارڈ عرصے میں چین کے تعاون سے سی پیک کے تحت بجلی کے کارخانے لگائے اور بجلی کے ریٹ بھی بڑھنے نہیں دئیے ، مریم نواز نے آتے ہی آٹے کی قیمت میں کمی کی ، بہت محنت کر رہی ہیں، مریم نواز صحت اور صفائی کیلئے بھی خوب محنت کر رہی ہیں۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھاکہ ہمارے دور میں شرح سود سواپانچ فیصدتھی ،کون اسے ساڑھے 22فیصدتک لے گیااور اب ساڑھے 19 فیصد شرح سود پر کون اس ملک میں سرمایہ کاری کرے گا، ہمیں تو آئی ایم ایف کی شرائط نے بالکل جکڑ دیا ہے ، میرے بعد کون لوگ قرض مانگنے کیلئے جاتے رہے ؟،کوئی جواب دے گا کہ مجھے کیوں نکالا گیا؟ ،کیوں ہمارے خلاف سازش کی گئی؟، ناقابل معافی ہیں وہ لوگ جو 1600 کے بل کو 18 ہزار روپے کا کر کے چلے گئے ہیں، وہ چہرے کون تھے ، اس کے بارے میں قوم کو سوچنا چاہئے ،مجھ سے عوام کی حالت دیکھی نہیں جارہی۔ یہ موٹروے ہم نے قرض مانگ کر نہیں بنائی، موٹر وے اپنے وسائل سے بنائی، میں اقتدار کا خواہش مند نہیں خلوص سے ملک کی خدمت کی مگر آج دل دکھتا ہے کہ ملک کے ساتھ کیا کردیا گیا، پاکستان کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا۔نواز شریف نے اعلان کیا کہ پنجاب حکومت نے اگست اور ستمبر کے بلوں میں فوری ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے ، 500 یونٹ تک استعمال کرنے والوں کو 14 روپے فی یونٹ تک ریلیف دیا جائے گا، پنجاب حکومت کے مختلف شعبوں سے 45 ارب روپے نکال کر عوام کو ریلیف دیں گے ،یہ ریلیف یہیں ختم نہیں ہوگا، مزید ریلیف کیلئے پنجاب میں گھروں کو سولر پینل دئیے جائیں گے تاکہ ان کا بجلی کا بل مزید کم ہو جائے جس کیلئے پنجاب حکومت 700 ارب روپے خرچ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے ۔

ان کا کہناتھاکہ جب سے شہباز شریف وزیراعظم اور مریم نواز وزیراعلیٰ بنی ہیں، میں ہر روز یہی کہتا ہوں کہ مہنگائی ختم کرو۔میں شہباز شریف اور مریم نواز شریف کو شاباش دیتا ہوں اور شہباز شریف سے کہوں گا وہ بھی سولر پینلزکے لئے پنجاب حکومت کے ساتھ مل کر اس کو آگے بڑھانے کے لئے بھرپور تعاون کریں ، باقی صوبوں کے ساتھ بھی تعاون کریں ۔میری دیگر صوبائی حکومتوں سے بھی گزارش ہو گی وہ بھی عوام کے لئے ریلیف کی اس طرح کی صورتحال پیدا کریں ، یقیناََ ان کے دلوں میں صوبے کے عوام کے لئے درد ہے ، وہ بھی عوام کی فلاح کے لئے سکون کے لئے اس طرح کے اقدامات سے گریز نہیں کریں گے ، میرا آپ سے رابطہ کسی نہ کسی صورت میں رہے گا۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ایکس پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ 500 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کیلئے فی یونٹ 14 روپے کا ریلیف بلاشبہ نواز شریف اور مریم نوازشریف کا عوام دوست احسن اقدام ہے ،نواز شریف کی ہدایت پر قلمدان سنبھالتے ہی عوامی ریلیف کو حکومت کی اولین ترجیح رکھا،حال ہی میں ہم نے وفاقی حکومت کے ترقیاتی بجٹ سے 50 ارب کاٹ کر بجلی کی قیمتوں میں ریلیف دیا جس سے 200 یونٹ والے صارفین مستفید ہو رہے ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں