نواز شریف کا بجلی بل پر ریلیف جھوٹ ،گمراہ کرنےکی کوشش:تحریک انصاف

نواز شریف کا بجلی بل پر ریلیف جھوٹ ،گمراہ کرنےکی کوشش:تحریک انصاف

اسلام آباد ( نیوز ایجنسیاں ، مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف نے کہا ہے کہ نوازشریف کا بجلی بل پر ریلیف جھوٹ ، عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی گئی ۔

تحریک انصاف کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ بجلی پر ریلیف کا نوازشریف کا اعلان جھوٹ کے علاوہ کچھ نہیں ہے ۔ جبکہ پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر نے کہا ہے کہ نوازشریف نے عوام کو ایک بار پھر گمراہ کرنے کی کوشش کی۔نواز شریف کی جانب سے  پریس کانفرنس میں بجلی کے ریلیف کے اعلان پر عمر ایوب نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آئی پی پیز سے معاہدے ن لیگ نے کیے ، یہی معاہدے اتنی زیادہ کپیسٹی پیمنٹ کی وجہ بنے ۔عمر ایوب نے کہا کہ ن لیگ اور پی پی کی حکومت پھر بجلی، گیس کی قیمتوں میں اضافہ کرے گی ۔بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ فیض حمید کی گرفتاری کا پارٹی اور لیڈر شپ کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے ، موجودہ گرفتاریوں پر ہمارا موقف صاف ہے ، قیاس آرائیاں نہ کی جائیں۔چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ فوج کا اپنا کوڈ آف کنڈکٹ ہے ، یہ ان کے اندرونی معاملات ہیں، ہمارا موقف ہے سویلین کا فوجی ٹرائل نہیں ہو سکتا۔ بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف کیسز سیاسی بنیادوں پر ہیں، القادر یونیورسٹی ٹرسٹ کیس بھی نیب نے بنایا۔ انھوں نے کہا کہ نیب سیاسی انتقام کا نشانہ بناتے ہوئے کیسز بنا رہا ہے ، انصاف کے تقاضے پورے کیے جانے چاہئیں۔ اس موقع پر پی ٹی آئی وکیل رہنما لطیف کھوسہ کا کہنا تھا کہ چیف جسٹس جوڈیشری اور انصاف کا باپ ہوتا ہے ، ہم بہت زیادہ صبر کا مظاہرہ کرچکے ہیں۔ وہ پی ٹی آئی کے کیسوں سے الگ ہو جائیں ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں