28اگست کوملک گیر ہڑتال،بجلی قیمتوں میں پورا سال ریلیف دیا جائے:نعیم الرحمٰن

28اگست کوملک گیر ہڑتال،بجلی قیمتوں میں پورا سال ریلیف دیا جائے:نعیم الرحمٰن

ملتان (کرائم رپورٹر)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ 28اگست کو ملک گیر ہڑتال ہو گی، بجلی کی قیمتوں پر پورے ملک کے عوام کو سال بھر کے لیے ریلیف دیا جائے ، جماعت اسلامی اور حکومت کے درمیان معاہدے کی ہر شق پر عمل نہ ہوا تو ہر شہر اور بستی سے قافلے نکلیں گے۔

لانگ مارچ کی صورت میں اسلام آباد پہنچیں گے ، حکمرانوں کے پاس 37دن رہ گئے ، عوام کو حق دو یا انقلاب کے لیے تیار ہو جاؤ، ہماری پرامن مزاحمت کو کمزوری نہ سمجھا جائے ، شریف اور زرداری خاندان بنگلہ دیش سے سبق سیکھیں، ایسا نہ ہو عوام بپھر جائیں اور آپ کو ائیرلفٹ بھی نہ ملے ، قوم مہنگائی کے عذاب میں مبتلا تھی، منتظر تھی کوئی اس کی آواز بنے ، جماعت اسلامی پوری قوم کی امیدوں کا مرکز بن گئی، ذمہ داران اور کارکنان سے کہتا ہوں کہ جدوجہد تیز کریں، 26اگست کو جماعت اسلامی کے یوم تاسیس پر ملک گیر ممبرسازی مہم کا آغاز کریں گے ، موبائل ایپ بھی بنے گی اور قریہ قریہ بستی بستی بھی پہنچیں گے ، ہڑتال کے لیے تاجروں کے اعلان کی حمایت کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پنجاب میں بجلی کی قیمتوں پر ریلیف کی پہلی قسط کا ویلکم کرتے ہیں، یہ جماعت اسلامی کی جدوجہد کا نتیجہ ہے کہ حکمرانوں کو مجبور کیا کہ عوام کو ریلیف دیا جائے ۔ 14روزہ دھرنا کے دوران عوام میں آئی پی پیز کی لوٹ مار، طبقاتی تعلیم، حکمرانوں کی مراعات اور عیاشیوں سے متعلق شعور پیدا کیا، اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ قوم جماعت اسلامی کے دھرنے کی پشت پر کھڑی ہو گئی ۔ انھوں نے کہا کہ پورے سال کے لیے ملک بھر کے عوام کو بجلی کے ٹیرف پر ریلیف دیا جائے تو یہ ایک ہزار ارب کے لگ بھگ رقم بنتی ہے ، آئی پی پیز کے تحفظ کی بات پر حکمران طبقات ایک ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز کی لوٹ مار نہیں چلنے دیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں