کمیٹیوں کا مشترکہ اجلاس:جے یو آئی،پی ٹی آئی کا پارلیمنٹ میں اکٹھے چلنے کا فیصلہ

کمیٹیوں کا مشترکہ اجلاس:جے یو آئی،پی ٹی آئی کا پارلیمنٹ میں اکٹھے چلنے کا فیصلہ

اسلام آباد (دنیا نیوز)پارلیمانی فورم پر تعاون کیلئے جمعیت علما اسلام (جے یو آئی) اور تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کمیٹیوں کا اجلاس ہوا۔ دونوں جماعتوں نے پارلیمنٹ کے فورم پر ایک ساتھ چلنے کا فیصلہ کیا۔

ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ عوامی ایشوز اور قانون سازی سے متعلق دونوں جماعتیں ایک ساتھ چلیں گی۔اس موقع پر سینیٹ اجلاس میں قانون سازی پر متفقہ مؤقف اختیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا، اجلاس میں شبلی فراز، اسد قیصر، بیرسٹر گوہر، کامران مرتضیٰ، غفور حیدری شریک ہوئے ۔

 لاہور(سیاسی رپورٹرسے ، اپنے رپورٹر سے ، ایجوکیشن رپورٹر ، سیاسی نمائندہ)  جے یو آئی کے سربراہ مولانافضل الرحمن نے  کہا ہے کہ حکومت پانچ سال پورے کرے گی یا نہیں ،میں نجومی نہیں ہوں لیکن اس پارلیمان کو عوام کا نمائندہ نہیں سمجھتا ،تحریک انصاف سے بات چیت چل رہی ہے ،بارہ سال ہماری مخالفت رہی ہے ،دنوں کے اندر اتنی جلدی معاملات درست نہیں ہوسکتے ۔ چودھری شجاعت سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ بلوچستان میں جو کچھ ہورہا ہے میرے پاس اس کی معلومات نہیں ہیں ، اس ضمن میں سکیورٹی ایجنسیاں بہتر بتاسکتی ہیں ۔بلوچستان اور دیگر چھوٹے صوبوں میں وسائل کے مسئلوں کو دیکھنے کی ضرورت ہے ،ہر صوبے کے وسائل پر مقامی لوگوں کا حق ہونا چاہیے ، جے یو آئی کے سربراہ کاکہناتھاکہ آصف زرداری میرے پا س ضرور تشریف لائے ہیں ہم نے بھائیوں کی طرح ان سے ملاقات کی ہے ،آصف زرداری کی طبیعت ٹھیک نہیں ،نو مئی کے حوالے ریاستی اداروں کو فیصلہ کرنا ہے ۔

 قبل ازیں جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے مسلم لیگ ق کے سربراہ چو دھری شجاعت سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور خیریت دریافت کی اس موقع پر ملکی سیاسی صورتحال زیر بحث آئی،چودھری شجاعت نے مولانا فضل الرحمن کو سپریم کورٹ میں پوری قوم کا مؤقف پیش کرنے پر مبارکباد دی اور اس کامیابی پر انہوں نے گاجر کا حلوہ سپیشل طور پر کھلایا۔جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمن نے 28 اگست کو تاجروں کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کردیا اور کہا ہے کہ تاجروں کی ملک گیر ہڑتال کی مکمل حمایت کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور ناجائز ٹیکسز نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے ۔مولانا نے کہا کہ آئی ایم ایف کے حکم پر بنے بجٹ نے عوام کے منہ سے روٹی کا نوالا بھی چھین لیا ہے ۔ مولانا فضل الرحمن نے کارکنوں سے کہا ہے کہ وہ پرامن ہڑتال کو کامیاب بنائیں ۔جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمن کی جامعہ مدنیہ جدید رائیونڈ آمد،جامعہ مدنیہ جدید میں مولانا سید محمود میاں کی زیر صدارت مجلس ختم نبوت اور جے یو آئی رہنماؤں کا اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں 7 ستمبر گولڈن جوبلی ختم نبوت کانفرنس کے انتظامات کے حوالے سے مشاورت کی گئی ۔اجلاس میں کانفرنس کے حوالے سے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی اور انتظامی کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں