دہشتگر د ایک ایس ایچ او کی مار ہیں :وزیر داخلہ

 دہشتگر د ایک ایس ایچ او کی مار ہیں :وزیر داخلہ

کوئٹہ (اے پی پی ،دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے بلوچستان میں کسی آپریشن کی ضرورت نہیں، دہشتگرد ایک ایس ایچ او کی مار ہیں۔

کوئٹہ میں وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ یہاں آنے کا مطلب ہے ہم وزیراعلیٰ بلوچستان کی پشت پر کھڑے ہیں، بلوچستان کی صورتحال پر سب یکجا ہیں، وزیراعلیٰ امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے جو فیصلہ کریں گے ، وفاقی حکومت اس کی حمایت کرے گی، وزیراعلیٰ کو جو بھی سپورٹ چاہیے وہ دیں گے ۔انہوں نے کہا جو کچھ کل اور پرسوں ہوا ہم سب غمگین ہیں، ایسے دہشتگردی کے واقعات قابل برداشت نہیں ہیں، ہم مل کر ایسے عناصر کا سد باب کریں گے ۔محسن نقوی نے کہا یہ بات میں نے محاورتا ً کی ہے کہ ایک ایس ایچ او کارروائی کرے گا تاہم آئندہ دنوں میں یہ دیکھیں گے ان سب کا بندوبست ہوگا ۔وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے کوئی بھی قیمت ادا کرنا پڑی تو کریں گے ۔ دوسری طرف صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف سے وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کر کے بلوچستان میں سکیورٹی اور امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ ٹی وی کے مطابق صدر مملکت اور وزیر اعظم کو بلوچستان میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات پر بریفنگ دی گئی اور صوبے میں قیام امن کے حوالے سے تجاویز پر غور کیا گیا۔دونوں رہنماؤں سے ملاقات میں صدر نے دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں سکیورٹی کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں۔وزیراعظم کا کہنا تھا بلوچستان میں حملے بزدلانہ کارروائیاں تھیں جن کا کوئی جواز پیش نہیں کیا جا سکتا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں