پنجاب میں کم آمدن والے لوگوں کیلئے اپنی چھت کا خواب پورا کرینگے:مریم نواز

پنجاب میں کم آمدن والے لوگوں کیلئے اپنی چھت کا خواب پورا کرینگے:مریم نواز

لاہور (نمائندہ دنیا )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے اتوار کے روزاخوت کے بانی و چیئرمین ڈاکٹر امجد ثاقب نے ملاقات کی۔ڈاکٹر امجد ثاقب نے بجلی کے بلوں میں عوامی ریلیف اوراپنی چھت،اپنا گھر پروگرام کو خراج تحسین پیش کیا۔

 اس دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ صوبے بھر میں کم آمدن والے لوگوں کیلئے اپنی چھت کے خواب کوپورا کریں گے ،پنجاب میں لوکا سٹ ہاؤسنگ پروگرام کا آغاز ہو چکاہے جس کا ہر سال دائرہ کار مزید بڑھائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اپنی چھت اپنا گھرپروگرام پاکستان کی تاریخ کاسب سے بڑا اور سستا رہائشی پر اجیکٹ ہوگا، اس پروگرام کا بنیادی مقصد مالی طور پر کمزور طبقوں کو رہائش فراہم کرنا ہے ،عوام پر مالی بوجھ کم کرنے کیلئے حکومتی سبسڈیز دیں گے اور آسان ترین ماہانہ اقساط مقررکریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اپنی چھت اپنا گھرپروگرام کے تحت پائیدار اور ماحول دوست گھروں کی تعمیر کو فروغ دیا جائے گا،انقلابی ہاؤسنگ پراجیکٹ کے اجرا سے لاکھوں افراد کو روزگار ملے گا اور لاکھوں خاندان بہتر زندگی گزار سکیں گے ،اپنی چھت اپنا گھر پروگرام سود کے بغیر قرضوں کی فراہمی کیلئے ملکی تاریخ کاپہلا بڑا پراجیکٹ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بے گھر لوگوں کو اپنے گھر کی فراہمی ہماری ترجیحات میں سرفہرست ہے ،اپنی چھت اپنا گھر پروگرام میں تین پلان کے تحت پراجیکٹ شروع کیے جارہے ہیں،دیہات میں 10مرلے تک اور شہروں میں پانچ مرلے تک رہائشی پلاٹ کے مالکان 15لاکھ روپے تک قرض لے سکتے ہیں، سکیم میں تقریبا 14ہزار روپے ماہانہ اقساط میں واپس کرنے ہوں گے ، جس پر کوئی سود نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بڑے شہروں میں سرکاری زمینوں پر 4منزلہ فلیٹس تعمیر کریں گے ،یہ فلیٹ آسان اقساط سے قرعہ اندازی کے ذریعے لوگوں کو مہیا کئے جائیں گے جبکہ پرائیویٹ ہا ؤسنگ سکیموں میں تین سے پانچ مرلے تک گھربنا کر دیئے جائیں گے ، ان پرائیویٹ ہاؤسنگ پراجیکٹ میں حکومت ہر گھر کے لئے 10 لاکھ روپے تک سبسڈی دے گی، پرائیویٹ ہاؤسنگ پراجیکٹ درخواست دہندہ پانچ سال میں باقی اقساط ادا کرکے اپنے گھر کا مالک بن جائے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں