ٹیم کے کپتان وزیراعظم،تحریک انصاف سے مذاکرات کیلئے آگے بڑھنا چاہیے:چیئرمین سینیٹ

ٹیم کے کپتان وزیراعظم،تحریک انصاف سے مذاکرات کیلئے آگے بڑھنا چاہیے:چیئرمین سینیٹ

اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے ، نیوز ایجنسیاں) چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہاہے کہ قومی معاملات پر سیاسی جماعتوں کو مذاکرات کرنے چاہئیں، قومی معاملات پر تحریک انصاف کو بھی مذاکرات کرنے چاہئیں،مذاکرات اگر ہو رہے ہیں تو اچھی بات ہے ، اختلافات بْھلا کر متحد ہونے کی ضرورت ہے ۔

 اس وقت ٹیم کے کپتان شہباز شریف ہیں، انہیں فیصلے کرنے چاہئیں اور آگے بڑھنا چاہئے ،وہ لیڈ کریں اورتحریک انصاف سے مذاکرات کیلئے آگے بڑھیں ،پیپلز پارٹی چاہے حکومت میں ہویا اپوزیشن میں ،اس نے ہمیشہ مذاکرات کئے ہیں، جب ہم اپوزیشن میں تھے ، ملک بدر تھے ، ہم نے نواز شریف سے بات چیت کی، پیپلز پارٹی نے میثاقِ جمہوریت پر دستخط کئے تھے ۔اسلام آباد میں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کاکہناتھاکہ میں اس وقت ملک اور اتحاد کی بات کر رہا ہوں، ملک کیلئے مشکلات میں سب سیاسی جماعتوں کو اکٹھا ہو جانا چاہئے ، وزیرِ اعظم اگر کوئی فیصلہ کریں گے اور بات کریں گے تو نیشنل سکیورٹی کے معاملات پر ان کا ساتھ دیں گے ، سیاسی جماعتوں میں اتحاد نہ ہونے کی وجہ سے دہشت گردی میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ مولانا فضل الرحمٰن زیرک سیاستدان ہیں اور ان سے دیرینہ وابستگی ہے ۔ پاکستانی قوم متحد ہے پاکستان کی سالمیت اور فلاح و بہبود کے لئے ہم سب ایک ہیں کسی کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ میلی آنکھ سے پاکستان کی طرف دیکھ سکے ، پاکستان امن پسند ملک کسی سے لڑنا نہیں چاہتے لیکن کسی قسم کی جارحیت کا بھر پور جواب دینا جانتے ہیں ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں