حکومت کے پاس 17روز ، سول نافرمانی کرسکتے :حافظ نعیم

حکومت کے پاس 17روز ، سول نافرمانی کرسکتے :حافظ نعیم

لاہور(سیاسی نمائندہ ، دنیانیوز)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہم نے راولپنڈی میں تاریخی دھرنا دیا، ہمارے معاہدے کی پاسداری میں17دن باقی رہ گئے ہیں،وقتی ریلیف کے بجائے بجلی کے ٹیرف میں کمی کی جائے۔

معاہدے پرعملدرآمد نہ ہوا تو اب پہیہ جام ہڑتال ہوگی اور اس کے بعد سول نافرمانی کی تحریک بھی شروع کرسکتے ہیں ،ہم اپنی پرامن مزاحمت کو آگے بڑھاتے رہیں گے ۔منصورہ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ ہمارے معاہدے کو 28دن گزر چکے ہیں اور اس دوران پنجاب میں 2 ماہ کا ریلیف دیا گیا، جو قابلِ قبول نہیں،ہم ایک ایک دن گن رہے ہیں، ہم ایک بھی دن اپنے معاہدے سے دستبردار نہیں ہوئے ، عوام کو ریلیف نہ ملا تو اس بار جماعت اسلامی ریلیف لئے بغیر واپس نہیں لوٹے گی۔ حکومت کے ساتھ معاہدے کے 17 دن باقی رہ گئے ، اب ہڑتال ہوگی تو وہ پہیہ جام ہڑتال ہوگی، پھر ہم بجلی بلوں کا بائیکاٹ کریں گے پھر دیکھیں گے کون بجلی کاٹنے آتا ہے ، ہم پاکستانی عوام کے ساتھ مل کر ان لٹیروں کے خلاف لڑیں گے ۔حافظ نعیم کا کہناتھاکہ اسلام آباد میں ایک بار پھر بلدیاتی الیکشن تاخیر کا شکار ہیں،اپنی مرضی سے صوبے مقامی حکومت کو چلاتے ہیں،جماعت اسلامی نے اس تاخیر کو کورٹ میں چیلنج کیا ہے ۔بلدیاتی الیکشن کے لئے بھی مہم چلائیں گے اور الیکشن کروائیں گے ۔ جماعت اسلامی کی مرکزی ٹیم کے اجلاس میں بلوچستان کی صورتحال کا خصوصی جائزہ لیا۔بلوچستان پرقومی گریٹر ڈائیلاگ ہونا چاہئے ، بلوچوں سے بات کرنا ہو گی ، مسنگ پرسنز بازیاب ہونے چاہئیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں