ریٹائرڈ ملازمین کی وفات کے بعد فیملی پنشن کی مدت 10سال مقرر:وفاقی حکومت نے نوٹیفکیشن جاری کر دیئے

ریٹائرڈ ملازمین کی وفات کے بعد فیملی پنشن کی مدت 10سال مقرر:وفاقی حکومت نے نوٹیفکیشن جاری کر دیئے

اسلام آباد ( ایس ایم زمان )وفاقی حکومت نے ریٹائرڈ ملازمین کو پنشن کی ادائیگی کے بل کا بڑھتا ہوا بوجھ کم کرنے کیلئے ریٹائرڈ ملازمین کی وفات کے بعد فیملی پنشن کی مدت 10 سال مقرر کردی جبکہ سپیشل فیملی پنشن کی مدت 25 سال مقرر کردی گئی۔

 فوت ہونے والے ملازم کی بیوہ کو 25 سال تک پنشن ملے گی، تاہم وفات پانے والے ریٹائرڈ ملازم کا اگر کوئی بچہ معذور یا سپیشل ہے تو وہ تاحیات فیملی پنشن وصول کرے گا۔نئے اور ترمیم شدہ پنشن قانون کا اطلاق وفاقی اور آرمڈ فورسز پر فوری ہو گا، اس حوالے سے وزارت خزانہ کی جانب سے منگل کو تین آفس میمورنڈم جاری کئے گئے ہیں جن میں بتایا گیا ہے کہ پنشن سکیم میں اہم ترامیم کردی ہیں، یہ ترامیم پے اینڈ پنشن کمیشن 2020کی سفارشات پر کی گئی ہیں۔وزارتِ خزانہ کی طرف سے سپیشل فیملی پنشن سے متعلق جاری پہلے آفس میمورنڈم میں کہا گیا ہے کہ پے اینڈ پنشن کمیشن نے 2020 میں اپنی سفارشات دیں جن کی روشنی میں حکومت نے پنشن اصلاحات پر عملدرآمد کرتے ہوئے آفس میمورنڈم جاری کئے ہیں۔وزارت خزانہ کی طرف سے سپیشل فیملی پنشن سے متعلق جاری پہلے میمورنڈم کے مطابق شہداء کی فیملی پنشن کی میعاد 25 سال کی گئی ہے تاہم وفات پانے والے پنشنر کی فیملی پنشن کا حقدار بچہ معذور یا سپیشل چائلڈ ہونے کی صورت میں تاحیات فیملی پنشن وصول کرے گا۔

آفس میمورنڈم میں مزید بتایا گیا ہے کہ آرمڈ فورسز کے شہید ہونے والے ملازم کی بیوہ اور بچوں کو خصوصی پنشن دی جائے گی اور آرمڈ فورسز کے ریٹائر ہونے والے ملازمین کی پنشن کے مقابلے میں 50 فیصد زیادہ پنشن دی جائے گی ۔وزارتِ خزانہ کی طرف سے دوسرے آفس میمورنڈم میں معمول کی فیملی پنشن کیلئے میعاد 10 سال مقرر کردی ہے تاہم معمول کی فیملی پنشن کے تحت بھی وفات پانے والے پنشنر کی فیملی پنشن کا حقدار بچہ معذور یا سپیشل چائلڈ ہونے کی صورت میں تاحیات فیملی پنشن وصول کرے گا، البتہ اگر پنشن کا اہل و حقدار بچہ چھوٹا ہوگا تو اس صورت میں 10 سال کیلئے یا بچے کے 21 سال کی عمر تک پہنچنے میں سے جو بھی بعد میں مدت پوری ہورہی ہوگی اس وقت تک پنشن ملے گی۔ وزارت خزانہ کے تیسرے نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی ملازمین 25 سال ملازمت پر ریٹائرمنٹ لے سکتے ہیں تاہم 60 سال عمر تک بقایا رہ جانے والے ہر سال پر پنشن پر 3 فیصد کٹوتی کی جائے گی، مذکورہ کٹوتی پنشن کے 20 فیصد سے زیادہ نہیں کی جائے گی، آرمڈ فورسز کے ملازمین پر قبل از وقت ریٹائرمنٹ پر پنشن کٹوتی کا اطلاق اس صورت میں ہو گا اگر رینک کے لئے مقرر کردہ ملازمت پوری نہیں ہو گی ، وزارت خزانہ نے ترمیم شدہ پنشن قانون کو فوری طور پر نافذ کرنے کے احکامات جاری کر د ئیے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں