جمہوریت محض طرز حکومت نہیں بلکہ عوامی طاقت اور خدمت کا نظریہ:مریم نواز

جمہوریت محض طرز حکومت نہیں بلکہ عوامی طاقت اور خدمت کا نظریہ:مریم نواز

لاہور (سٹاف رپورٹر،اے پی پی) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے کہا ہے کہ جمہوریت محض طرز حکومت نہیں بلکہ عوام کی طاقت، حقوق اور انکی خدمت کا نظریہ ہے ۔

عالمی یوم جمہوریت پر خصوصی پیغام میں وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ جمہوریت کے تحفظ کیلئے نواز شریف سمیت تمام جمہور پسند رہنمائوں کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔ مسلم لیگ (ن)نے ہمیشہ جمہوری اقدار کی پاسداری کرتے ہوئے پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا۔ ملکی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے جمہوریت ناگزیر ہے ۔ معاشی اور سیاسی استحکام صرف توانا جمہوریت ہی لا سکتی ہے ۔ جمہوریت محض طرزِ حکومت نہیں، بلکہ عوام کی طاقت، حقوق اور انکی خدمت کا نظریہ ہے ۔ جمہوریت عوام کو اپنے نمائندوں کے ذریعے خود فیصلہ کرنے کا اختیار دیتی ہے ۔ جمہوریت کے استحکام سے ہی ملک میں ترقی اور خوشحالی آتی ہے ۔ جمہوریت کانظام ہی آگے بڑھنے کا راستہ دکھاتا ہے ۔ جمہوریت معاشرتی انصاف کی ضمانت اور عوامی خوشحالی کا ذریعہ ہے ۔جمہوریت زندہ باد، پاکستان پائندہ آباد۔دریں اثنا صوبہ پنجاب میں ملک کی پہلی ماڈرن اینڈ اینویویٹو سبزی و فروٹ مارکیٹ کا پراجیکٹ کا آغاز کیا جارہا ہے ۔

وزیراعلیٰ مریم نواز جلد لاہور میں منصوبے کاسنگ بنیاد رکھیں گی۔ وزیر اعلیٰ نے ماڈرن اینڈ اینویویٹو ویجی ٹیبل و فروٹ مارکیٹ کو ایشیا کی بہترین منڈی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے پراجیکٹ کو 18ماہ میں مکمل کرنے کا حکم دیا ہے ۔ راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور پنجاب ایگریکلچر مارکیٹنگ ریگولیٹری اتھارٹی میں ایم او یو پر دستخط کے بعد کالا خطائی میں تین سو ایکڑ پر منڈی کے قیام کیلئے کارروائی شروع کر دی گئی ہے ۔ مارکیٹ میں انفراسٹرکچر عالمی معیار کا ہوگا۔ مارکیٹ کو ایکسپورٹ زوم اور حب بنایا جائے گا ۔مارکیٹ کو مختلف راستوں سے آمدورفت کیلئے ہر طرف سے رسائی حاصل ہوگی۔ مارکیٹ میں جی ٹی روڈ گوجرانوالہ اور لاہور سیالکوٹ موٹروے سے ٹرک، گاڑیاں براہ راست آ جا سکیں گی۔ مزدوروں اورٹھیلے والوں کی آسانی کیلئے میٹرو بس اورسپیڈو بس کالا خطائی سبزی منڈی تک چلائی جائے گی۔ مارکیٹ میں شارٹ ہونے والی سبزیاں خصوصاً ٹماٹر اورپیاز کیلئے کولڈ سٹوریج بھی بنائے جائیں گے ، منڈی میں عوام کوسبزیاں اورپھل ہر وقت سستے داموں دستیاب ہوں گے ۔ وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ عوام کو مہنگائی سے نجا ت دلانے کا عزم غیر متزلزل ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں