وزیر اعظم سے پی پی وفد کی ملاقات، مجوزہ آئینی ترامیم کی مشاورت وسیع کرنے پر زور
اسلام آباد :(دنیا نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف سے پیپلزپارٹی کے وفد کی ملاقات مجوزہ آئینی ترامیم کی مشاورت وسیع کرنے پر زوردیا۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستان پیپلز پارٹی کے وفد نے ملاقات کی ، وفد میں اراکین قومی اسمبلی سید خورشید احمد شاہ سید نوید قمر اور مئیر کراچی مرتضیٰ وہاب شامل تھے۔
وزیر اعظم سے وفد نے معاشی اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا، وفد نے مجوزہ آئینی ترمیم کے حوالے سے مشاورت کو وسیع کرنے پرزور دیا۔
وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم محمد شہبازشریف کا کہنا تھا کہ معاشی اشاریوں میں حالیہ بہتری انتہائی خوش آئند ہے، گزشتہ ماہ پچھلے کئی سالوں میں پہلی بار افراط زر کی شرح سنگل ڈیجٹ میں آئی، سٹیٹ بینک نے پالیسی ریٹ میں 2 فیصد کمی کی ہے جس سے پاکستانی معیشت پر سرمایہ کاروں کے اعتماد میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج ہی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی کی گئی ہے جو عوام کو ریلیف پہنچانے کی حکومتی کوششوں کے حوالے سے ایک اور کاوش ہے، اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہیں جس کے فضل و کرم سے ملک و قوم کی لیے بتدریج بہتری کے آثار پیدا ہو رہے ہیں۔
محمد شہبازشریف کا مجوزہ آئینی ترامیم کے حوالے سے کہنا تھا کہ آئین میں ترمیم اور قانون سازی پارلیمنٹ کا اختیار ہے اور پارلیمنٹ بالادست ادارہ ہے، 24 کروڑ عوام نے پارلیمنٹ کو قانون سازی کا مینڈیٹ دیا ہے، مجوزہ آئینی ترمیم کا مقصد عوام کو انصاف کی فوری اور موثر فراہمی ہے آئینی ترمیم پر تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کا سلسلہ جاری رہے گا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ چئیر مین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور پاکستان پیپلز پارٹی کے دیگر سینئر رہنما بھی مشاورت میں اپنا کردار ادا کریں گے ، آنے والے دنوں میں سیاسی جماعتوں کے ساتھ مزید بات چیت اور مشاورت سے کسی نتیجے پر پہنچنے کی کوشش کی جائے گی۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔