جعلی پارلیمنٹ سے آئینی ترامیم ناانصافی نئے انتخابات کرائے جائیں:فضل الرحمٰن:5سال کیلئے جے یو آئی کے بلامقابلہ امیر منتخب

جعلی پارلیمنٹ سے آئینی ترامیم ناانصافی نئے انتخابات کرائے جائیں:فضل الرحمٰن:5سال کیلئے جے یو آئی کے بلامقابلہ امیر منتخب

اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے ، نیوز ایجنسیاں ، دنیا مانیٹرنگ )جے یو آئی کے امیر مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ جعلی پارلیمنٹ سے آئینی ترامیم ناانصافی ، نئے انتخابات کرائے جائیں ، یہ بات انہوں نے پریس کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کہی ۔

قبل ازیں فضل الرحمن انٹرا پارٹی الیکشن میں 5 سال کیلئے جے یوآئی کے بلامقابلہ امیر منتخب ہو گئے ۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ہمیں ہلکا مت لیا کرو، آئینی ترامیم کے حوالے سے ہم نے اپنا موقف واضح کردیا ہے ، حکمران سیاسی مقاصد کیلئے آئینی ترامیم کی طرف جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پارلیمان کے پاس اتنی بڑی ترامیم کا حق نہیں ، ہم اس پارلیمنٹ کو عوام کی نمائندہ پارلیمنٹ نہیں سمجھتے ، جعلی پارلیمنٹ سے آئینی ترامیم کرنا زیادتی ہے ، حکومت مسودے تیار کرکے ایک دوسرے سے شیئر کرے ۔ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی، پی ٹی آئی اور جے یو آئی اپنے اپنے مسودے بنا رہی ہیں، ہمیں شخصیات کے درمیان نہیں پھنسنا چاہیے ، آئینی ترامیم کے ذریعے مارشل لا لگا رہے تھے ہم نے سپورٹ نہیں کیا ، یہ جتنی بھی دھاندلی کرلیں مینڈیٹ چرا لیں ہم میدان نہیں چھوڑیں گے ۔انہوں نے کہا کہ آئینی عدالت کے حق میں ہیں، قبائلی علاقوں میں نامساعد حالات کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں اس وقت آگ لگی ہوئی ہے ، موجودہ حکومت کی ترجیحات کچھ اور ہیں، ہم خیبر پختونخوا میں گورنر راج کے حق میں نہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کو جلسے کی اجازت نہ دینا اور جلسے کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنا غیر جمہوری عمل ہے ، جلسہ کرنا ہر سیاسی جماعت کا آئینی حق ہوتا ہے ۔

علی امین گنڈا پورکے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے فضل الرحمن نے کہا کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کی گفتگو بچگانہ ہے ، صوبوں کے اندر انقلاب لانے کی باتیں نہیں کرنی چاہئیں، وزیراعلیٰ کے بیان پر ردعمل دینا بھی ہماری توہین ہے ، ہمارا ایسی مخلوق سے واسطہ پڑا ہے ، ہم صوبوں کوآپس میں لڑانے والی بات کی حمایت نہیں کرسکتے ۔انہوں نے کہا کہ لبنان کی آگ پوری دنیا کواپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے ۔ادھر جمعیت علماء اسلام کے انٹراپارٹی انتخابات کا عمل مکمل کرلیا گیا ،مولانا فضل الرحمن آئندہ پانچ سال کیلئے جے یوآئی کے بلامقابلہ امیر جبکہ مولانا عبدالغفور حیدری سیکرٹری جنرل منتخب ہوگئے ۔ خواجہ خلیل الرحمن کندیہ شریف نے مولانا فضل الرحمن کا نام تجویز کیا ،مولانا جمیل الرحمن درخواستی، مولانا امجد خان نے مولانا فضل الرحمن کے نام کی تائید کی ،مولانا عبدالغفور حیدری جے یوآئی کے بلامقابلہ سیکرٹری جنرل منتخب ہوگئے ۔علامہ راشد سومرو نے مولانا عبدالغفور حیدری کا نام تجویز کیا،احمد علی درویش، مولانا جمیل الرحمن درخواستی نے مولانا عبدالغفور حیدری کے نام کی تائید کی۔جے یو آئی رہنما مولانا عبد الغفورحیدری بھی 5 سال کے لیے بلامقابلہ سیکرٹر ی جنرل منتخب ہوئے ہیں،مولانا فضل الرحمن اور عبدالغفور حیدری کسی اور امیدوار کے مدمقابل نہ ہونے کی وجہ سے بلامقابلہ منتخب ہوئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں