پی ٹی آئی سے دہشتگردوں جیسا سلوک کیا جانا چاہیے :مریم نواز
لاہور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا تحریک انصاف کے ساتھ وہی سلوک کرنا چاہیے جو دہشت گردوں کے ساتھ کیا جاتا ہے ۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں مریم نواز نے کہا ہمیشہ سے جو بات کہتی رہی ہوں، آج دُنیا کے سامنے آ گئی ہے ، پی ٹی آئی سیاسی جماعت نہ ہے ، نہ تھی اور نہ ہو سکتی ہے ، یہ ایک دہشت گرد جماعت ہے جو بار بار اپنے ہی ملک پر حملہ آور ہوتی ہے ،ریاست کو ان کے ساتھ وہی سلوک کرنا چاہیے جو دہشت گردوں کے ساتھ کیا جاتا ہے ، ورنہ بہت دیر ہو جائے گی، تحریک انصاف کے بھیس میں تحریک انتشار کا واحد مقصد ملک میں آگ لگانا ہے ، یہ کسی رعایت یا نرمی کے مستحق نہیں، ان کے لشکر میں فرنٹ لائنز میں تربیت یافتہ دہشت گرد شامل ہیں، جن کو انہوں نے پولیس اور ریاست پر حملہ آور ہونے کے لیے استعمال کیا ہے ، کون سا ملک یہ برداشت کرتا ہے ؟دریں اثنا وزیر اعلیٰ مریم نواز نے بینک آف پنجاب کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا،15سال کے بعد کسی وزیر اعلیٰ کا بینک آف پنجاب ہیڈ آفس کا یہ پہلا دورہ ہے ، وزیراعلیٰ نے بینک آف پنجاب کو بینک رینکنگ میں ٹاپ پر لانے کا ہدف مقررکردیا اوربینک حکام کوکاسٹ کنٹرول کے لئے موثر اقدامات کی ہدایت کی،مریم نواز نے کہاڈیپازٹر کی پہلی چوائس بینک آف پنجاب ہی ہونا چاہیے ،اس موقع پر بینک آف پنجاب کے صدرظفر مسعود نے تفصیلی بریفنگ دی ۔
چیف منسٹر ویلفیئر سکیموں کے مالیاتی امور کے بارے میں بتایا گیا،گرین ٹریکٹر سکیم،بائیک پروگرام،ہمت کارڈ،ا پنی چھت اپنا گھر ودیگرپراجیکٹس کا جائزہ لیا گیا،سی ایم انٹرسٹ فری بائیکس کی ڈیلیوری کے بارے میں رپورٹ پیش کی گئی جس پر وزیراعلیٰ نے مزید بہتر ی لانے کی ہدایت کی،بریفنگ کے دوران مزید بتایا گیاکہ طلبہ گھر بیٹھے ڈیجیٹل پراسس کے ذریعے بائیک کے لئے اپلائی کر سکتے ہیں،طلبہ کے لئے بائیکس کی اقساط آن لائن ادا کرنے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے ،وزیراعلیٰ انٹرسٹ فری بائیکس کے تحت 1591 بائیک ڈیلیور کی جا چکی ہیں،اسی طرح 40ہزار فارمرز کو ڈھائی لاکھ روپے لائیو سٹاک کارڈ کے ذریعے دیا جا رہا ہے ، پنجاب بھر میں 65ہزار سپیشل افراد کو بینک آف پنجاب کے اے ٹی ایم کے ذریعے ادائیگی کی جارہی ہے ،کسان کارڈ اور وزیراعلیٰ کے دیگر عوامی فلاحی پراجیکٹس میں بھرپور معاونت کیلئے بینک آف پنجاب کی ٹیم پرعزم ہے۔
علاوہ ازیں مریم نواز نے عالمی یومِ اساتذہ پر اپنے پیغام میں کہا تمام اساتذہ کو سلام عقیدت پیش کرتی ہوں، اساتذہ ہی معاشرے کے حقیقی معمار ہوتے ہیں، علم کا نور پھیلانا اور نئی نسل کی تربیت مقدس فریضہ ہے ۔ استاد چراغ کی مانند ہیں جو جہالت کے اندھیروں میں علم کی روشنی پھیلاتے ہیں، استاد انسانی ذہنوں کو علم وفنون سے نئی جہت عطا کرتا ہے ، محنت اور لگن سے پڑھانے والے اساتذہ حقیقی ہیرو ہیں،اساتذہ صرف تعلیم ہی نہیں دیتے بلکہ خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کا فن سکھاتے ہیں،آج جو کچھ بھی ہوں،اس میں اساتذہ کے کردار کو فراموش نہیں کر سکتی ،اساتذہ کی عظمت و کردار کو تسلیم کرتے اور ان کی فلاح و بہبود کیلئے پر عزم ہیں،اساتذہ کی عزت و تکریم کرتے ہیں،حقیقت میں ہر دن آپ کے نام ہے ۔