پی ایس ایل پلیئر ڈرافٹس کی میزبانی گوادر کو مل گئی
لاہور(سپورٹس ڈیسک )پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10ویں ایڈیشن کے ڈرافٹس کی میزبانی پہلی بار بلوچستان کے تاریخی شہر گوادر میں کروائے جانے کا اعلان ہوگیا۔پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے ۔۔
کہ بلوچستان کا پورٹ سٹی گوادر پاکستان سپر لیگ کے 10ویں ایڈیشن کے پلیئر ڈرافٹ کی میزبانی کرے گا، پلئیر ڈرافٹس کی تقریب 11 جنوری 2025 بروز ہفتہ منعقد ہوگی۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہاکہ گوادر اپنی شاندار ساحلی پٹی اور سٹریٹجک اہمیت کے ساتھ پاکستان کے معاشی مستقبل کے دل کی حیثیت رکھتا ہے ۔ یہاں ایچ بی ایل پی ایس ایل پلیئر ڈرافٹ کی میزبانی کرکے ہمارا مقصد اس کی ثقافتی اور اقتصادی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے ۔ میں 11 جنوری کو خوبصورت شہر گوادر میں تمام فرنچائزز اور متعلقہ سٹیک ہولڈرز کا خیرمقدم کرنے کا منتظر ہوں ،ایچ بی ایل پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر نے کہاکہ مجھے گوادر کو پلیئر ڈرافٹ کے میزبان شہر کے طور پر اعلان کرنے پر بہت فخر ہے ، یہ اقدام پی ایس ایل کی رسائی کو پاکستان کے کونے کونے تک پھیلانے اور پاکستان کی خوبصورتی کو دنیا کے سامنے دکھانے کے ہمارے عزم کی عکاسی کرتا ہے ۔ پی سی بی نے اپنی پریس ریلیز میں تقریب کے آغاز کا وقت اور مقام شیئر نہیں اوربتایا ہے کہ کھلاڑیوں کی ریلیگیشن اور ریٹینشن کا اعلان دسمبر کے آخر میں کیا جائے گا۔