ٹائپ ون ذیا بیطس کے مریض بچوں کو گھر کی دہلیز پرانسولین دینگے:مریم نواز

ٹائپ ون ذیا بیطس کے مریض بچوں کو گھر کی دہلیز پرانسولین دینگے:مریم نواز

لاہور(دنیا نیوز،خبر ایجنسیاں)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں پنجاب بھرمیں چیف منسٹر انسولینپروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں دور دراز علاقوں میں صحت کی سہولتوں میں بہتری کے لئے بی ایچ یوز کو مریم نواز ہیلتھ کلینک کا درجہ دینے کا بھی فیصلہ ہوا ۔

وزیر اعلیٰ نے ہیلتھ سٹاف کے لئے پرفارمنس مینجمنٹ فریم ورک تشکیل دینے اور کارکردگی جانچنے کیلئے کے پی آئیبنانے کی منظوری دی۔ میانوالی، جھنگ،لیہ،اٹک اور جہلم کے ہسپتالوں میں کیتھ لیب قائم کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ ٹائپ ون ذیابیطس کے مریض بچوں کو گھر میں ہی انسولین مہیا کی جائے گی۔ مریض بچوں کو انسولین کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے خصوصی کارڈ بھی بنائے جائیں گے ۔ حکومت کی منظور شدہ کمپنی کولڈ چین اور دیگر ایس او پیز کے مطابق انسولین فراہم کرے گی۔ لاہور سمیت تین اضلاع میں چیف منسٹر انسولین فار آل پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جائے گا۔ ذیابیطس ٹائپ ون کے مریض مخصوص ایپ یا ہیلپ لائن کے ذریعے اپلائی کر سکیں گے ۔دریں اثناء وزیر اعلیٰ مریم نواز نے گرلز کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے بیٹیاں اللہ کی رحمت ہوتی ہیں۔ قوم کی بیٹیوں کو پیغام ہے آپکی ہمت، عزم اور قابلیت دنیا کو بدل سکتی ہے ، آگے بڑھیں، ہم آپکے ساتھ ہیں۔ ہماری بیٹیاں، بہنیں اور بچیاں قوم کا مستقبل ہیں۔بیٹیوں کے خوابوں اور صلاحیتوں کو پروان چڑھانا ان کا حق ہی نہیں، قومی فرض بھی ہے ۔وزیر اعلیٰ نے کہا پنجاب حکومت بچیوں اور خواتین کے تحفظ، تعلیم، صحت اور فلاح و بہبود کے لیے بہترین روڈ میپ پر عمل پیرا ہے ۔ قوم کی بیٹیوں کیلئے ای بائیک، ورچوئل پولیس سٹیشن،پینک بٹن، پنک گیمز اور سکالرشپ پروگرام متعارف کرائے ہیں۔ انہوں نے کہا خواہش ہے ہر بیٹی اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کے قابل ہو، معاشرہ ساتھ دے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں