چیلنجز سے نمٹنے کیلئے امہ کو متحد ہونیکی ضرورت :ذاکرنائیک

چیلنجز سے نمٹنے کیلئے امہ کو متحد ہونیکی ضرورت :ذاکرنائیک

لاہور(سیاسی نمائندہ،نیوزایجنسیاں)معروف مذہبی سکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک اپنے صاحبزادے فارق نائیک کے ہمراہ کراچی سے لاہور پہنچے تو علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ پہنچنے پر حافظ عبدالکریم اور صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق سمیت دیگر حکام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

وہ مرکزی جمعیت اہلحدیث راوی روڈ کے مرکز اپنے صاحبزادے فاروق نائیک کے ہمراہ پہنچے جہاں مرکزی جمعیت اہلحدیث کے سربراہ سینیٹر ساجد میر ،ناظم اعلیٰ حافظ عبدالکریم،حافظ ابتسام الٰہی ظہیر سمیت دیگر نے استقبال کیا۔مرکز اہل حدیث راوی روڈ کی جامع مسجد میں ڈاکٹر ذاکر نائیک کے بیٹے فاروق نائیک نے جمعہ کا خطبہ دیا۔بعدازاں ڈاکٹر ذاکر نائیک نے علما سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بے حد خوشی ہورہی ہے کئی سالوں سے خواہش تھی پاکستان آئوں ،مسلمانوں کی تعداد دنیا میں بڑھ رہی ہے ۔افسو س ہم ہرجگہ سے پٹ رہے ہیں، سب لوگ فٹ بال کی طرح ماررہے ہیں ،دنیا میں 57 مسلم ممالک ہونے کے باوجودفلسطین میں مسلمانوں کا دفاع نہیں کرپارہے ۔ہمارے معاشرے میں کئی فرقے ہیں ،ہم فرقہ بندی کم کریں ،اللہ کے قریب آئیں ۔دل بڑا کریں ایک دوسرے کے قریب آئیں۔درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مسلم امہ کو متحد ہونے کی ضرورت ہے ، لوگوں کو خیر اور بھلائی کی طرف بلانا ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے ۔انہوں نے مزیدکہا کہ ایک وقت تھا کہ سائنس اور ٹیکنالوجی کو حاصل کرنے کے لئے عربی زبان کو سیکھنا ضروری تھا اور غیر مسلم سائنس و ٹیکنالوجی کے لئے عربی زبان کو سیکھتے تھے ۔ آج ہمار ی پستی کی طرف جانے کی سب سے بڑی وجہ اﷲ اور اس کے رسولﷺ کے احکامات سے روگردانی ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں