غیر قانونی ہاؤسنگ سکیمیں ، مریم نواز نے تفصیلات طلب کرلیں
لاہور(اے پی پی ،دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے ایل ڈی اے سے غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں کے بارے میں تفصیلات طلب کر لیں ۔ وزیر اعلیٰ کی زیرصدارت خصوصی اجلاس میں غیر قانونی ہاؤسنگ سکیموں میں پلاٹ اور فائل بیچنے پر پابندی کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔
ڈی جی ایل ڈی اے کو 15دن کے اندر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی گئی۔ لاہورمیں سڑکوں پر گڑھے پر کرنے کیلئے ترقیاتی اداروں کوباہمی اشتراک کے ساتھ جامع پلان پیش کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ۔ اجلاس میں ایل ڈی اے ڈویلپمنٹ اورسی ایم انیشیٹو کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ کو لاہور شاپ اینڈڈراپ ٹرام وے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ میں بتایا گیا 8.2کلومیٹر طویل ٹرام کلمہ چوک، مین بلیوارڈ،حسین چوک،ایم ایم عالم روڈ،منی مارکیٹ اوردیگر علاقوں سے گزرے گی۔5ٹرام بیک وقت چلائی جائیں گی۔ ہرسٹاپ پر ہر دو منٹ کے بعد ٹرام میسر ہو گی۔کریم بلاک تا موٹر وے خصوصی روڈ کی تعمیر کے پراجیکٹ کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ داتا نگر فلائی اوور خستگی کے پیش نظر گرانے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایل ڈی اے روڈ نیٹ ورک ری سٹرکچرنگ پلان بھی پیش کیاگیا۔وزیر اعلیٰ مریم نواز نے دیہی خواتین کے عالمی دن پراپنے پیغام میں کہا دیہی خواتین کی عظمت، قربانی اور انتھک محنت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں۔ دیہی خواتین محنت، محبت، احساس ذمہ داری اور قربانی کی زندہ مثال ہیں ، زرعی معیشت کے استحکام میں دیہی خواتین کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔انہوں نے کہا دیہی خواتین کے لئے سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے آغاز پر کام کر رہے ہیں دیہی خواتین کی معاشی ترقی اور خودمختاری کے لیے مویشی مہیا کریں گے ۔