پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے ماحول ساز گار،زراعت پر خصوصی توجہ:مریم نواز

پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے ماحول ساز گار،زراعت پر خصوصی توجہ:مریم نواز

لاہور(سٹی رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے کہاہے کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول ہے ،انویسٹرز بے خوف وخطر سرمایہ کاری کریں، زراعت کے شعبے پر خصوصی توجہ ہے ، کاشت کار کی معاونت کررہے ہیں۔

مریم نوازشریف سے  گزشتہ روز سویڈن کی سفیر الیگزینڈرابرگ وون لنڈے نے ملاقات کی اوردوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا ۔ سویڈش سفیر نے اقلیتی امور اور خواتین کے حقوق کیلئے حکومت پنجاب کے اقدامات کو سراہا۔وزیر اعلیٰ نے حکومت پنجاب کی طرف سے سرمایہ کاری پرسویڈش کمپنیوں کا خیر مقدم کرنے کا اعلان کیا۔ملاقات میں تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے ،تعلیم، صحت،آئی ٹی، زراعت اور ماحولیات کے امور پر بات چیت کی گئی۔ مریم نوازشریف نے کہا کہ انوائرمنٹ کی بہتری کیلئے سویڈن کے تجربات سے مستفید ہونا چاہتے ہیں۔سویڈش سفیر نے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاروں کے لئے حالیہ اقدامات قابل تعریف ہیں،سویڈن کے سرمایہ کارپنجاب میں سرمایہ کاری کے لئے دلچسپی رکھتے ہیں۔ مریم نواز شریف نے ترکیہ کے قومی دن پراپنے تہنیتی پیغام میں مبارکباددیتے ہوئے کہاکہ ترکیہ کے عوام کی ترقی اور خوشحالی کے لئے صدق دل سے دعا گو ہوں پاکستان اور ترکیہ کے مابین دوستی کی بنیاد اخوت اور بھائی چارہ ہے ،رجب طیب اردگان کی قیادت میں ترکیہ نے ترقی کے کئی سنگ میل عبور کئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ثقافتی،تجارتی اور سیاحتی روابط سے دونوں ممالک کے عوام کے دلوں میں قربت بڑھ رہی ہے ،دعا گو ہوں کہ پاکستان اور ترکی کا رشتہ ہمیشہ قائم و دائم رہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں