آرمی چیف سے روسی نائب وزیر دفاع کی ملاقات

آرمی چیف سے روسی نائب وزیر دفاع کی ملاقات

راولپنڈی (دنیا نیوز ، اے پی پی )آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے روس کے نائب وزیر دفاع کرنل جنرل الیگزینڈر فومن نے ملاقات کی ۔آئی ایس پی آر کے مطابق جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہونے والی ملاقات میں علاقائی سکیورٹی، دوطرفہ امور، دفاعی اور سکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے روس کے ساتھ دفاعی روابط مضبوط کرنے کے عزم کا اظہار کیا، کرنل جنرل الیگزینڈر فومن نے دہشت گردی کے سلسلے میں پاک فوج کی کامیابیوں کو سراہا جبکہ شدت پسندی کا مقابلہ کرنے کے لئے عالمی برادری کے درمیان تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا۔قبل ازیں روس کے نائب وزیر دفاع کرنل جنرل الیگزینڈر فومن نے پاک فضائیہ کے سربراہ سے بھی ملاقات کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں روسی وزیر کرنل جنرل الیگزینڈر فومن اور ایئر چیف مارشل ظہیر سندھو نے دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔دفاعی شعبے میں پاک روس تعاون، مشترکہ مشقوں اور تکنیکی تعاون پر بات چیت کی گئی، سربراہ پاک فضائیہ نے روس کے ساتھ دفاعی شعبے میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا، روسی نائب وزیر دفاع نے پاک فضائیہ کے آلات اور تکنیکی تعاون کے شعبوں میں دلچسپی کا اظہار بھی کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں