اسٹاک ایکسچینج میں سات روزہ تیزی کاتسلسل ٹوٹ گیا
کراچی (آن لائن،مانیٹرنگ ڈیسک) اسٹاک ایکسچینج میں 7 روزسے جاری تیزی کا تسلسل ٹوٹ گیا۔ 100 انڈیکس 577 پوائنٹس کی کمی سے 90 ہزار 200 پوائنٹس کی پست سطح پر بند ہوا۔۔۔
اس دوران سرمایہ کاروں کو 68 ارب کا خسارہ ہوا جس کی وجہ سے سرمائے کا حجم گھٹ کر 116 کھرب روپے پر آگیا۔ وزیر اعظم اور سعودی ولی عہد کے درمیان باہمی تجارت کے فروغ پر بات چیت، ایشین ڈیولپمنٹ بینک کی جانب سے پاکستان میں کلائمنٹ چینج کے حوالے سے 500 ملین ڈالرقرض کی منظوری ،پی آئی اے کی نجکاری اور لسٹڈ کمپنیوں کے مثبت مالیاتی نتائج پر اسٹاک مارکیٹ میں بدھ کو کاروبار کا آغاز تیزی کیساتھ ہوا تھا اور انڈیکس 91 ہزار 800 پوائنٹس کی سطح بھی عبورکر گیا تھا ،بعد ازاں مارکیٹ تنزلی کا شکار ہو گئی۔کاروبار کے اختتا م پر کے ایس ای 30 انڈیکس 212 پوائنٹس کی کمی سے 28343 پوائنٹس اور آل شیئرز انڈیکس 57924 پوائنٹس سے گھٹ کر 57642 پر بند ہوا۔ سرمایہ کم ہوکر 116 کھرب 95 ارب روپے رہ گیا۔ بدھ کو 27 ارب روپے مالیت کے 61 کروڑ 45 لاکھ 64 ہزار حصص کے سودے ہوئے۔