سعودیہ کا پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے کا اعلان:مفاہمتی یاد داشتوں کی تعداد بڑھ کر34،میڈیکل کمپلیکس کیلئے زمین حاصل کرلی :سعودی وزیر معاہدوں پر عملدر آمد شروع:شہباز شریف
ریاض ،اسلام آباد(دنیا نیوز،نامہ نگار)سعودی عرب نے پاکستان میں سرمایہ کاری 2.2 ارب ڈالر سے بڑھا کر 2.8ارب ڈالر کرنے کا اعلان کردیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ روز ریاض میں سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کی جس میں سعودی وزیر نے سرمایہ کاری میں اضافے کا اعلان کیا۔
خالد بن عبدالعزیز نے کہا جب پاکستان گئے تھے تو 27 مفاہمتی یادداشتوں کے تحت 2.2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری پراتفاق ہوا تھا ،اب مفاہمتی یادداشتوں کی تعداد 34ہوگئی اور سرمایہ کاری کاجحم 2.8ارب ڈالرتک پہنچ گیا ۔ 5 مفاہمتی یادداشتوں پر عملدرآمد شروع بھی ہوچکا اور ان کیلئے سرمایہ فراہم کیا جاچکا ہے ، کچھ معاہدوں کے نتیجے میں پاکستان سے برآمدات ہوئی ہیں اور ایک سعودی سرمایہ کار نے میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر کے لئے زمین حاصل کر لی ۔سعودی وزیر نے کہا سعودی عرب میں پاکستانی ورکرز کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گاجس سے پاکستان کو ترسیلات زر میں اضافہ ہو گا ، آئندہ چند ہفتوں میں پاکستان سے 300 طبی افرادکی قوت سعودی عرب آئے گی۔سعودی وزیر کی جانب سے مزید سرمایہ کاری کے اعلان پر وزیر اعظم شہباز شریف نے اظہار تشکر کرتے کہا کہ مالی معاملات میں پاکستان کے ساتھ تعاون پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کرتے ہیں،سعودی عرب کے ساتھ مل کر خوشحالی اور ترقی کی منازل طے کریں گے اور مشترکہ اہداف حاصل کریں گے ۔ سعودی عرب نے معاہدوں کی سیاہی خشک ہونے سے قبل ہی عملدر آمد شروع کردیا، سعودی ولی عہد کے تعاون کے بغیر ہم آئی ایم ایف پروگرام حاصل نہیں کرسکتے تھے ، یہ ہمارا آخری آئی ایم ایف پروگرام ہے اسکے بعد پاکستان سخت محنت اور برادر ملک سعودی عرب کا ہاتھ تھام کر معاشی ترقی اور خوشحالی کی طرف گامزن ہوگا ۔
فیوچر انویسٹمنٹ اینیشیٹو سعودی ولی عہد کا ویژنری منصوبہ ہے ،آئندہ ماہ دوبارہ اپنے گھر سعودی عرب آؤں گا تو دونوں ملکوں کے عوام کے لئے مزید اچھی خبروں کے ساتھ آؤں گا۔ وزیراعظم نے پاکستان اور سعودی عرب کے عوام کو ایک خاندان کی طرح قرار دیتے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ سعودی عرب کی ضروریات کے مطابق ہنر مند افرادی قوت تیار کرنے کے قابل ہوں ۔ شہباز شریف نے ریاض میں 8ویں فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو کانفرنس کے موقع پر ویتنام کے وزیراعظم فام من چن سے بھی ملاقات کی اوردوطرفہ تعلقات بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری کو مضبوط بنانے پرتبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم کاکہناتھاکہ دونوں ممالک میں تجارت اور سرمایہ کاری میں تعاون بڑھانے کی بے پناہ استعداد موجود ہے ،انہوں نے ویتنام کے وزیراعظم کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔ بعدازاں وزیراعظم شہباز شریف سعودی عرب کا دو روزہ سرکاری دورہ مکمل کر کے دو روزہ سرکاری دورے پر قطر پہنچ گئے ،دوحہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر وزیر مملکت محمد بن عبدالعزیز الخلیفی نے استقبال کیا۔
وزیراعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر پیغام میں کہا قطر سے دوطرفہ برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر بات ہوگی، قطر میں پاکستانی ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے کیلئے خصوصی نمائش’’منظر پاکستان 1940 سے لے کر اب تک آرٹ اور فن تعمیر‘‘ کا افتتاح ہوگا۔شہبازشریف نے ایک اور ایکس پیغام میں فلسطینیوں کیلئے اقوام متحدہ کے امدادی ادارہ کی کارروائیوں میں رکاوٹیں ڈالنے کے اسرائیلی اقدامات کی پرزور مذمت کی اورکہاکہ بین الاقوامی برادری کو اسرائیل کوجواب دہ ٹھہرانا چاہئے ۔انہوں نے سیلاب اور جانی نقصان پر سپین کے عوام اور وزیر اعظم پیڈرو سانچیز کے ساتھ گہری ہمدردی کا اظہار کیااورتعاون کی پیشکش کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان مشکل وقت میں سپین کے عوام کیساتھ کھڑا ہے ۔شہباز شریف نے دیوالی پر پاکستان کی ہندوبرادری کو مبارکباد دیتے کہاکہ ہم پرعزم ہیں کہ پاکستان میں ہر کمیونٹی کو انکے عقائد سے قطع نظر مساوی حقوق اور یکساں ترقی کے مواقع حاصل ہوں۔