اسلام آباد احتجاج:532پی ٹی آئی کارکنوں کی ضمانت،28مقدمے سے خارج
اسلام آباد راولپنڈی ،پشاور، لاہور (عدالتی رپورٹر،اپنے نامہ نگار سے ، خبر نگار ، عدالتی رپورٹر) انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے پی ٹی آئی کے شناخت پریڈ پر بھیجے گئے 532 ملزموں کی ضمانت منظور کرتے ہوئے 28ملزموں کو مقدمہ سے ڈسچارج کر دیا گیا۔
عدالت نے ملزموں کو بیس بیس ہزار روپے مچلکوں پر رہائی کا حکم دے دیا ہے ۔واضح رہے کہ پی ٹی آئی کے 532 کارکنوں پراسلام آبادمیں احتجاج کے دوران تھانہ سنگجانی اور سیکریٹریٹ سمیت 11 تھانوں میں مقدمات درج ہیں۔۔ادھر انسداد دہشت گردی عدالت نے 9مئی جلائو گھیرائو مقدمات میں اسد عمر کی عبوری ضمانتوں میں 19نومبر تک توسیع کردی،عدالت نے آئندہ سماعت پر ڈی ایس پی لیگل کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی جناح ہائوس حملہ مقدمات میں پی ٹی آئی رہنما زین قریشی کی عبوری ضمانت میں 23 نومبر تک توسیع کردی ،عدالت نے زین قریشی کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی،عدالت نے ایم پی اے حافظ فرحت عباس کی عبوری ضمانت میں 5 نومبر تک توسیع کرتے ہوئے حافظ فرحت عباس کو پیش ہونے کا آخری موقع دے دیا،عدالت نے احکامات جاری کئے کہ آئندہ سماعت پر ملزم پیش نہ ہوا تو ضمانت خارج کر دی جائے گی ،عدالت نے سیکرٹری پی ٹی آئی لاہور امتیاز محمود شیخ کی عبوری ضمانت میں 15 نومبر تک توسیع کرتے ہوئے ملزم امتیاز کو پیش ہونے کا آخری موقع دے دیا۔
عدالت نے جمشید اقبال چیمہ ،مسرت جمشید کی عبوری ضمانت میں 19 نومبر تک توسیع،مسرت جمشید چیمہ کی نئے کیسز میں گرفتاری کے باعث حاضری معافی کی درخواست منظورکی،عدالت نے ارکان اسمبلی بلال اعجاز ،احمد چٹھہ کی عبوری ضمانت میں 23 نومبر تک توسیع کر دی۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج منظر علی گل نے 9 مئی جلاؤ گھیراؤ مقدمات میں ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرتے ہوئے عظمیٰ خان اور علیمہ خان کی عبوری ضمانتوں میں 23 نومبر تک توسیع کردی ۔انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے 9 مئی کو مسلم لیگ ن کا آفس جلانے و دیگر مقدمات میں پی ٹی آئی سوشل ایکٹوسٹ صنم جاوید کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کر دیئے ، عدالت نے آئندہ سماعت پر ملزمہ کو دوبارہ پیش ہونے کی ہدایت کر دی۔انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں جی ایچ کیو حملہ کیس میں ملزموں پر فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی 8 نومبر تک موخر کردی گئی۔انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے مقدمے کی سماعت کی، دوران سماعت نامزد 123 ملزموں میں مقدمے کی نقول تقسیم کرنے کی کارروائی ہوئی۔عدالت کی جانب سے مقدمے کی نقول تقسیم کے بعد 8 نومبر کو ہونے والی آئندہ سماعت پر فرد جرم عائد کیے جانے کا امکان ہے ۔
بانی پی ٹی آئی عمران خان سمیت دیگر ملزموں پر 8 نومبر فرد جرم عائد ہوگی ۔بدھ کو سماعت کے موقع پر تمام ملزموں میں چالان کی نقول تقسیم مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ۔جی ایچ کیو حملہ کیس میں شیخ رشید ،شبلی فراز ، عمر ایوب سمیت 79 ملزم پیش ہوئے ۔پشاور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کیس میں پی ٹی آئی کے رہنماؤں سمیت 30 ملزموں کو بری کردیا۔عدالت نے وکلا کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ سنایا اور ملزموں کو عدم ثبوت کی بنا پر بری کردیا۔عدالت کی جانب سے بری کیے جانے والوں میں پی ٹی آئی رہنما و صوبائی وزیر مینا خان آفریدی، کامران بنگش، تیمور سلیم جھگڑا، ارباب شیر علی اور عرفان سلیم سمیت دیگر کارکن اور شہری شامل ہیں۔۔اڈیالہ جیل میں قائم احتساب کے جج ناصر جاوید رانا کے روبرو 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس پر آخری گواہ پر وکیل صفائی کی جرح 33 ویں سماعت پر بھی جاری رہی۔نیب پراسیکیوٹر نے وکیل صفائی کی جانب سے سوالات کو غیر ضروری قرار دیکر اعتراض کر دیا۔ عدالت نے اعتراض کو درست قرار دیدیا ۔ بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشری بی بی پشاور سے اڈیالہ جیل پیشی کے لئے ضمانت کے بعد پہلی مرتبہ پیش ہوئیں ۔ بانی پی ٹی آئی کو جیل سے کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا ۔سفید رنگ کی ڈریس شرٹ پہنی ہوئی تھی ۔عدالت نے سماعت آج 31 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔