ڈی چوک احتجاج:گنڈا پور کا ریسکیو اہلکار وں کی رہائی پر پھولوں سے استقبال ،ترقی کا اعلان

ڈی چوک احتجاج:گنڈا پور کا ریسکیو اہلکار وں کی رہائی پر پھولوں سے استقبال ،ترقی کا اعلان

پشاور(نیوز ایجنسیاں )وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے ڈی چوک اسلام آباد میں احتجاج کے دوران پکڑے گئے ریسکیو 1122 خیبرپختونخوا کے اہلکاروں کی رہائی کے بعد انہیں وزیر اعلی ٰ ہاؤس بلا لیا۔وزیرِ اعلیٰ نے ریسکیو اہلکاروں کا استقبال کیا، ان پر گل پاشی کی اور رہا ہونے والے ریسکیو اہلکاروں کو ون اسٹیپ پروموشن اور ایک ماہ کی تنخواہ دینے کا اعلان کیا۔

وزیرِ اعلیٰ نے 42 ریسکیو اہلکاروں کو سی ایم ہاؤس  بلایا جن میں فائر فائٹرز، ڈرائیورز، میڈیکل ٹیکنیشنز اور دیگر عملہ شامل تھا۔ڈی جی ریسکیو 1122 محمد ایاز خان نے کہا کہ ریسکیو کے 6 اہلکار اب بھی قید ہیں، وزیرِ اعلیٰ علی امین گنڈاپور کے مشکور ہیں کہ ریسکیو اہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی۔اس موقع پر علی امین گنڈاپور نے جے یو آئی سربراہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن اپنے قول وفعل میں تضاد پیدا نہ کریں، حکومت جعلی پرچے کر کے لوگوں کو تنگ کر رہی ہے اس حرکت سے اس نے خود کو ہی بے نقاب کر دیا، اس بار ہم جائیں گے تو پھر حکومت کا تختہ الٹ کر ہی واپس آئیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ آج دوبارہ الیکشن ہوں تو جے یو آئی (ف )ایک سیٹ بھی نہیں جیت سکتی۔ ملکی سسٹم ہمارے ورکرز کو خوفزدہ کرنے کی کوشش میں بے نقاب ہو گیا۔ خیبرپختونخوا کی موجودہ حکومت نے توانائی کے شعبے میں ایک انقلابی اقدام کے طور پر اپنی پاور ٹرانسمشن لائن بچھانے کے لئے نجی کمپنی کیساتھ معاہدے پر دستخط کر لئے ۔وزیراعلی ٰخیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی قیادت میں خیبر پختونخوا اپنی پاور ٹرانسمشن لائن بچھانے والا ملک کا پہلا صوبہ بن گیا۔اس سلسلے میں گزشتہ روز وزیر اعلیٰ ہاؤس پشاور میں باضابطہ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں