وزیرداخلہ کی چین کے سفیر سے ملاقات،چینی شہریوں پر حملے روکنے کیلئے مشترکہ حکمت عملی پر اتفاق
اسلام آباد (وقائع نگار ،اے پی پی)وفاقی وزرا محسن نقوی، احسن اقبال ، طار ق فاطمی ، وفاقی سیکرٹریز و دیگر حکام نے چینی سفیر سے ملاقات کی ، جس میں دونوں ممالک کے درمیان چینی شہریوں پر کراچی حملے جیسے واقعات روکنے کیلئے مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
وفاقی وزرا نے کراچی میں گارڈ کی فائرنگ سے دو چینی شہریوں کے زخمی ہونے کے واقعہ پر اظہار افسوس اور شدید مذمت کی ،وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے چینی سفارت خانے میں چین کے سفیر جیانگ ژی ڈونگ سے ملاقات میں زخمی چینی شہریوں اور ان کی فیملیز سے دلی ہمدردی کا اظہار کی۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ہم ترقی اور سکیورٹی کو مربوط کرنے کے چینی تصور سے پوری طرح متفق ہیں، چینی شہریوں اور منصوبوں کی حفاظت کو یقینی بنانا اولین ترجیح ہے ، سی پیک منصوبوں کی سکیورٹی کے لئے تمام ممکن اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے ۔ واقعہ میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے گا۔پاکستان اور چین آہنی بھائی اور پائیدار شرکت دار ہیں۔ ملاقات کے دوران مستقبل میں ایسے واقعات کو روکنے کیلئے مشترکہ حکمت عملی بنانے پر اتفاق ہوا۔ چینی سفیر نے کہا کہ مشترکہ کوششوں سے پاک چین دوستی مسلسل پروان چڑھ رہی ہے اور عملی تعاون میں جامع پیش رفت ہوئی ہے ، چین دوطرفہ سکیورٹی تعاون کو مزید آگے بڑھانے اور پاکستانی اداروں کی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے تیار ہے ، چینی سفیر نے چینی وزیراعظم کے دورہ پاکستان کے موقع پر بہترین انتظامات پر وزیر داخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔
علاوہ ازیں چین کے سفیر اور اسلام آباد میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال کے درمیان ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور طارق فاطمی، سیکرٹریز برائے مواصلات، ریلوے اور داخلہ کے علاوہ وزارت خارجہ اور وزارت منصوبہ بندی کے سینئر حکام بھی شریک تھے ۔ احسن اقبال نے کراچی میں چینی شہریوں پر ہونے والے حالیہ حملے کی شدید مذمت کی اور اس بات پر زور دیا کہ پاکستان مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کرے گا۔ احسن اقبال نے کہا، یہ بزدلانہ عمل، جو پاکستان اور چین کے تعلقات کو نقصان پہنچانے کی سازش ہے ، ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ حکومت اور پاکستانی عوام مشکل کی اس گھڑی میں چینی دوستوں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔
احسن اقبال نے چینی سفیر کو یقین دلایا کہ پاکستان میں چینی شہریوں کی سلامتی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور پاکستان چینی شہریوں، منصوبوں اور اداروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے چین کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔ چینی سفیر نے پاکستان کی جامع کاوشوں پر شکریہ ادا کیا اور کہا، جون 2024 میں وزیر اعظم پاکستان کے دورۂ چین کے دوران دونوں ملکوں کی قیادت نے سیاست، بین الاقوامی امور، حقیقی منصوبوں اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا۔ حالیہ دورۂ پاکستان اسی تعاون کی تسلسل کی عکاسی کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کا رشتہ’’لوہے کے بندھن‘‘ کی طرح مضبوط ہے اور دونوں ملکوں کی قیادت اس تعلق کو نئی بلندیوں تک پہنچانے کیلئے پُرعزم ہے ۔