ملک بھر میں نمازاستسقا ادا،باران رحمت کیلئے دعائیں
اسلام آباد،لاہور (اپنے رپورٹرسے ،سیاسی رپورٹر )وزیر اعظم شہبازشریف ،وزیر مذہبی امور چودھری سالک حسین اور چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل ڈاکٹر راغب حسین نعیمی کی اپیل پر ملک بھر میں نماز استسقاادا کی گئی اور باران رحمت کی دعائیں کی گئیں ۔
اسلام آباد میں نماز جمعہ کے بعد نماز استسقا کا سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں ہوا ، ہزاروں کی تعداد میں مردوخواتین و بچوں نے گڑ گڑا کر اللہ پاک سے بارش کے لئے دعاکی ۔اسلام آباد کی جامع لال مسجد ،مسجد عثمان غنی کراچی کمپنی اورامام بارگاہ اثنا عشریہ،ایوان صدر ، وزیراعظم ہاؤس سمیت وفاق کے زیر انتظام تقریبا450 سے زائد مساجد اور کھلے مقامات پر نماز استسقاادا کی گئی،وزارت مذہبی امور کے زیراہتمام کوہسار بلاک سیکرٹریٹ اسلام آباد کے لان میں نماز استسقا کا اجتماع ہوا۔پنجاب بھر میں 400سے زائد مساجد میں اجتماعی توبہ، استغفار اور بارانِ رحمت کیلئے نماز استسقا ادا ہوئی۔سیکرٹری اوقاف پنجاب ڈاکٹر طاہر رضابخاری نے جامع مسجد داتاؒ دربار میں نمازِاستسقا ادا کی۔ جامعہ مسجد چوک دالگراں میں چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی نے نماز استسقا پڑھائی۔
محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب کے زیر تحویل جامع مسجد دربا رحضرت داتا گنج بخشؒ، عالمگیری بادشاہی مسجد، جامع مسجد نیلا گنبد ، جامع مسجد شاہ چراغ ؒ لاہور، جامع مسجد وزیر خان لاہور جامع مسجد دربا رحضرت بابا فرید الدین مسعود گنج شکرؒ پاکپتن، جامع مسجد گول چوک سرگودھا، مرکزی جامع مسجد راجہ بازار راولپنڈی، جامع مسجد سی بلاک اوکاڑہ ، جامع مسجد بلاک نمبر3ڈیرہ غازی خان ،جامع مسجددربار عبدالوہاب دائرہ دین پناہؒ مظفر گڑھ، جامع مسجد دربا رحضرت عنایت شاہ ؒ لیہ،جامع مسجد شاہ رکن عالمؒ ملتان ، جامع مسجد دربا رحضرت بہا ئوالدین زکریاؒ ملتانی سمیت پنجاب بھر کی اہم مساجد میں نماز ِ استسقا ادا کی گئی۔ اس کے علاوہ ملک کے تمام دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں بھی نمازاستسقااداکی گئی اور ملک بھر میں بارشوں کیلئے دعا مانگی گئی۔ ملک بھر کی مساجد میں علما نے خشک موسم کو ماحولیاتی غفلت سے جوڑتے ہوئے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے ، پانی کے تحفظ اور درخت لگانے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔