جنگ بندی کو تیار ہیں، ٹرمپ اسرائیل پر دباؤ ڈالیں:حماس

جنگ بندی کو تیار ہیں، ٹرمپ اسرائیل پر دباؤ ڈالیں:حماس

غزہ،بیروت (اے ایف پی،رائٹرز) حماس کے سینئر رہنما باسم نعیم نے کہا ہے کہ حماس غزہ میں جنگ بندی کیلئے تیار ہے ،نومنتخب امریکی صدر ٹرمپ کو چاہیے کہ وہ اسرائیل پر جارحیت کے خاتمے کیلئے دباؤ ڈالیں۔

حماس کے سیاسی بیورو کے رکن باسم نعیم نے کہا اگر جنگ بندی کی تجویز پیش کی گئی اور اس کی شرائط کا اسرائیل نے بھی احترام کیا تو حماس غزہ میں جنگ بندی تک پہنچنے کیلئے تیار ہے ۔دوسری جانب غزہ پر اسرائیل کے وحشیانہ حملوں میں مزید 28افراد شہید ،120سے زائد زخمی ہو گئے ۔وزارت صحت کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے جاری جنگ میں ابتک کم ازکم 43ہزار 764فلسطینی شہید ،1لاکھ3ہزار 490زخمی ہو چکے ۔حماس کے اتحادی ایک فلسطینی گروپ نے گزشتہ روز ایک اور اسرائیلی یرغمالی کی ویڈیو جاری کی ہے ۔لبنان نے کہا کہ مشرقی بعلبیک کے علاقے میں شہری دفاع کی عمارت پر اسرائیلی حملے میں 12 افراد شہید،27زخمی ہو گئے ۔ جنوبی بیروت پر اسرائیلی حملے میں متعدد عمارتیں منہدم ہو گئیں ۔شام کے سرکاری میڈیا نے کہا کہ اسرائیل نے جمعہ کے روز بھی دمشق کے ضلع مزہ پر حملہ کیاہے ۔جمعرات کے روز اسرائیلی حملے میں 23 شامی شہید ،متعدد زخمی ہو گئے تھے ۔ادھر پیرس میں فرانس اسرائیل فٹبال میچ کے دوران 40 افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔پولیس حکام نے کہا کہ اسرائیل اور فلسطین کے شائقین کو سٹینڈز میں تصادم سے روکنے کے لیے مداخلت کرنا پڑی، اے ایف پی کے مطابق کچھ لوگ اسرائیلی جھنڈوں کے ساتھ سٹیڈیم میں دوڑ رہے تھے جبکہ فلسطینی حامی سیٹیاں بجا رہے تھے ،اس دوران دونوں ممالک کے شائقین میں جھڑپیں شروع ہوگئیں ، پولیس نے فوری طور پر مداخلت کر کے لڑائی کو ختم کرایا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں