بلاول کی ناراضی ،ن لیگ نے سبق نہیں سیکھا،اختلافات بڑھ گئے:گورنر پنجاب

بلاول کی ناراضی ،ن لیگ نے سبق نہیں سیکھا،اختلافات بڑھ گئے:گورنر پنجاب

لاہور (سپیشل رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)گورنر پنجاب سلیم حیدر خان کا کہنا ہے کہ جب بھی ن لیگ سے اتحاد کیا پیپلز پارٹی کا اپنا ہی نقصان ہوا ہم نے تو سمجھا تھا ن لیگ نے کچھ سبق سیکھ لیا مگر ایسا نہیں ہوا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو حکومت کی جانب سے وعدے وفا نہ کرنے پر ناراض ہیں ،معاملات پر فیصلہ پیپلز پارٹی کی سی ای سی میں ہوگا ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے آغا شاہ حسین قزلباش سے بھائی کے انتقال پر تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ گورنر نے کہا مسلم لیگ ن سے اختلافات بڑھ گئے ہیں ، اس سے اتحاد کر کے ہم نے ووٹوں کی قربانی دی، اتحادیوں نے سبق نہیں سیکھا۔ ن لیگ کے ساتھ پارٹی مجبوری میں بیٹھی ہے ،اپنا نقصان کرلیا ملک کا نقصان نہیں ہونے دیا۔گورنر نے کہاجمہوریت میں پرامن احتجاج سب کا حق ہے ، پی ٹی آئی کا احتجاج پرریکارڈ اچھا نہیں ،فورسز اور حکومت کو پریشانی ہے کہ اسے جب بھی احتجاج کی اجازت دی تو اچھا نتیجہ نہیں نکلا،سیاسی جماعتوں کو پر امن احتجاج کر نا چاہیے ۔ گورنر سے پنجاب یونیورسٹی کی طلبہ سوسائٹیوں کے وفدنے ملاقات کی۔ رہنماپی پی فیصل میر، انفارمیشن سیکرٹری پی ایس ایف پنجاب سبط حسن، ایگزیکٹو ممبر احسن رضوی اور سابق صدر پی ایس ایف لاہور منصور کٹاریہ موجود تھے ۔ گورنر نے کہا جامعات میں تعلیمی معیار بہتر بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں،طلبہ یونینز بحال ہونی چاہئیں جوطلبہ میں قائدانہ صلاحیتیں اور سیاسی شعور پیدا کرتی ہیں،ماضی میں طلبہ یونینز نے ملک کو بہترین سیاستدان دئیے ۔بلاول نوجوانوں کی امید ہیں ،جو ملک کو چیلنجز سے نکال سکتے ہیں۔ نوجوان بلاول کو وزیراعظم دیکھنا چاہتے ہیں ۔گورنر نے طلبہ کو مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں