غزہ :خوراک سے لدے 109امدادی ٹرک لوٹ لئے گئے
غزہ (اے ایف پی،مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیلی بمباری سے کھنڈر اور بدترین غذائی قلت کے شکار غزہ میں امدادی سامان کے 109 ٹرک لوٹ لئے گئے ۔۔۔
اسرائیلی فوج نے ظالمانہ کارروائیوں میں مزید 13 فلسطینی شہید کر دئیے جبکہ لبنان پر بمبار ی میں3فوجیوں سمیت افراد شہید ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق غزہ میں غذائی سامان سے بھرے اقوام متحدہ کے 109 ٹرکوں کے ڈرائیوروں کو بندوق کی نوک پر ٹرک خالی کرنے کا حکم دیا گیا جبکہ امدادی گاڑیوں کو دستی بموں سے بھی نشانہ بنایا گیا۔انروا حکام کا کہنا ہے کہ امدادی کانوائے کو اسرائیلی حکام نے اچانک ایسا راستہ اختیار کرنے کا حکم دیا تھا جس سے ڈرائیور واقف ہی نہیں تھے ۔حماس کا کہنا ہے کہ اس نے ٹرکوں سے سامان چھیننے والے 20 افراد کو ہلاک کردیا ہے تاہم تاحال امدادی سامان کو لوٹنے والے حملہ آوروں کا سراغ نہیں لگایا جا سکا۔ غزہ کے صابرہ محلے ، نصیرات ، مغربی غزہ اورجنین میں اسرائیلی فوج کے حملوں اور بمباری سے 13فلسطینی شہیدہوئے ۔ اسرائیلی کے جنگی طیاروں نے لبنان کے دارالحکومت بیروت کے مرکزی علاقے کو نشانہ بنایا، بمباری سے خاتون سمیت 5 افراد شہید اور 30 زخمی ہوگئے ،جنوبی حصے میں ایک فضائی حملے میں 3لبنانی فوجی مارے گئے جبکہ لبنان میں اقوام متحدہ کی 2امن پناہ گاہوں پر حملہ ہوا ،جس کا حزب اللہ اور اسرائیل نے ایک دوسرے پر الزام لگایاہے ۔