سائبر کرائم ترمیمی بل تیار:فیک نیوز پر 5سال قیدیا10لاکھ روپے جرمانہ،دونوں سزائیں بھی دی جاسکیں گی
اسلام آباد (دنیا نیوز)حکومت نے سائبر کرائم ترمیمی بل تیار کرلیا جسکے تحت فیک نیوز دینے والے کو 5 سال قید،10 لاکھ روپے جرمانہ یادونوں سزائیں دی جاسکیں گی ۔
ذرائع کے مطابق سائبر کرائم ترمیمی بل کا ابتدائی مسودہ تیارکرلیاگیا جسکے تحت ڈیجیٹل رائٹس پروٹیکشن اتھارٹی بنائی جائیگی جسکوسوشل میڈیا پر مواد بلاک کرنے یا ہٹانے کا اختیار ہو گا اور اتھارٹی قانون نافذ کرنے والے اداروں یا کسی شخص کیخلاف مواد ہٹانے کے احکامات جاری کرسکتی ہے جبکہ قانون نافذ کرنے والوں سمیت دیگر اداروں یا کسی شخص کیخلاف خبر دینے اور دہشت پھیلانے والا مواد ہٹا دیا جائے گا۔اتھارٹی کوریاست اور ریاستی اداروں کیخلاف نفرت پھیلانے سے متعلق مواد کو بھی ہٹانے کا اختیار ہو گا۔ترمیمی بل کے تحت کسی شخص کو ڈرانے ، جھوٹا الزام لگانے اور پورنو گرافی سے متعلق مواد کو بھی ہٹایا جاسکے گا جبکہ جان بوجھ کر جھوٹی معلومات پھیلانے ، خوف و ہراس اور بدگمانی پیدا کرنے والوں کو 5 سال قید،10 لاکھ جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جاسکیں گی ۔حکام کے مطابق اتھارٹی کا چیئرمین اور 6 ارکان ہونگے ، اتھارٹی کے فیصلے کیخلاف ٹربیونل سے رجوع کیا جا سکے گا۔
اسلام آباد (وقائع نگار)وزیرداخلہ محسن نقوی کی زیرصدارت نیشنل ایکشن پلان کی کوآرڈینیشن کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا ، نیکٹا اور صوبوں میں کوآرڈینیشن بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ محسن نقوی نے کہا مؤثر کوآرڈینیشن کیلئے نیشنل فیوژن سنٹر قائم کر دیا گیا ہے ۔ بریفننگ میں بتایا گیا کہ رواں برس اکتوبر تک 7984انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز میں 206 دہشتگردوں کو ہلاک کیا گیا،اجلاس میں سوشل میڈیا پر کالعدم دہشتگرد تنظیموں کی سرگرمیوں کی روک تھام کیلئے جامع اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔ اس ضمن میں پی ٹی اے کے تعاون سے دہشتگرد گروپوں کے اکاؤنٹ کو بلاک کیا جائے گا جبکہ غیرقانونی سمز کی روک تھام کیلئے صوبے جامع حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھائیں گے ، آئندہ اجلاس میں پی ٹی اے سمیت تمام متعلقہ اداروں کے حکام کو مؤثر میکنزم پیش کرنے کی ہدایت کی گئی، وزیر داخلہ نے کہا بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں حالیہ دہشتگردی واقعات انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہیں، دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں کاؤنٹر ٹیررزم فورس کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بہتر بنانے کیلئے بھر پور تعاون کرینگے جبکہ پولیس اور فرنٹیئر کانسٹیبلری کو مضبوط کیا جائے گا۔
امن و امان بہتر بنانے کیلئے سب نے ملکر کام کرنا ہے ، استعداد کار بڑھانے کے ساتھ تمام صوبوں کی پولیس کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنا ہے ، وزیرداخلہ نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ضروریات ترجیحی بنیادوں پر پوری کرنے کا اعلان کرتے ہوئے سات روز میں تمام اداروں کو ضروریات سے متعلق رپورٹ وزارت داخلہ کو بھجوانے کی ہدایت کی۔ محسن نقوی نے واضح کیا کہ نیکٹا دہشتگردی کیخلاف جنگ میں لیڈنگ کردار ادا کرے گی، نیکٹا میں اصلاحات کا آغاز کر دیا ہے ، نیکٹا کا اصل رول بحال کیا جا رہا ہے ۔اجلاس میں چینی شہریوں کے سکیورٹی انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وزیرداخلہ نے فول پروف سکیورٹی پلان پر من و عن عملدرآمد کی ہدایت کرتے کہا کوسٹل ایریاز میں نارکوٹکس سمگلنگ روکنے کیلئے کوسٹل گارڈز کو سہولتیں فراہم کرینگے ، اجلاس میں انسداد دہشتگردی کیلئے فیصلوں پرعملدرآمد، اسلام آباد میں کاؤنٹر ٹیررزم اتھارٹی کے قیام پر پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا، نیشنل کوآرڈینیٹر نیکٹا خالد خٹک نے دوسرے جائزہ اجلاس پر عملدرآمد بارے بریفننگ دی، وفاقی سیکرٹری داخلہ، نیشنل کوآرڈینیٹر نیکٹا، آئی جیز، آئی جی ریلویز پولیس، کمانڈنٹ فرنٹیئر کانسٹیبلری، آئی جی اسلام آبادپولیس، وزارت داخلہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ حکام بھی اجلاس میں شریک تھے ۔