پی ٹی آئی سیاسی پارٹی نہیں دہشتگرد گروہ،سیاسی گند کو صاف کردینا چاہیے:مریم نواز

پی ٹی آئی سیاسی پارٹی نہیں دہشتگرد گروہ،سیاسی گند کو صاف کردینا چاہیے:مریم  نواز

لاہور(اپنے سٹی رپورٹر سے ، اے پی پی) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والوں کا دس سال میں کوئی دھرنا دکھا دیں جس میں یہ پرامن رہے ہوں،پی ٹی آئی کارکنوں نے بربریت کی ،زندگی میں کبھی ایسی بربریت اورظلم و تشدد کامظاہرہ نہیں دیکھا، پی ٹی آئی سیاسی پارٹی نہیں دہشتگردوں کا گروہ ہے ، منصب سنبھالا تو مسائل ہی مسائل ملے ۔

 ٹوٹے پھوٹے روڈز،صفائی کا ابتر نظام، سکول اور ہسپتال برے حال میں ملے ۔ گلی محلوں کی طرح سیاسی گند کو بھی صاف کردینا چاہئے ۔ وہ پنجاب کابینہ کے اجلاس اور ستھرا پنجاب کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت کابینہ کا 20واں اجلاس ہوا۔پنجاب کابینہ نے پی ٹی آئی کے پر تشدداحتجاجی مظاہرے میں پولیس او ررینجرز پر بے رحمانہ تشدد اورحملوں کی شدید مذمت کی اور مظاہرے میں شہید سکیورٹی اہلکاروں کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔پنجاب کابینہ نے شہید اور زخمی ہونے والوں کیلئے خصوصی پیکیج کا اعلان کیا۔ پنجاب پولیس کے شہید کانسٹیبل کیلئے 2کروڑ 90لاکھ روپے کا پیکیج دیاجائے گا۔ پی ٹی آئی ورکرز کے تشدد سے زخمی ہونیوالے پولیس اوررینجرز اہلکاروں کیلئے 10لاکھ کی منظوری دی گئی۔وزیراعلیٰ نے کہا پی ٹی آئی ورکرز کی بربریت اور بے رحمانہ تشدد سے 172پولیس اہلکار زخمی ہوئے ، بیشترکی حالت نازک ہے ۔سی ایم ایچ راولپنڈی میں زیر علاج زخمی اہلکاروں کی حالت دیکھ کر شرم آتی ہے کہ مارنے والے ہمارے لوگ ہیں ۔ زخمیو ں کو دیکھ کر پی ٹی آئی کے متشدد ورکرزکی بربریت کااندازہ ہوا۔کیلوں والے ڈنڈوں اور رائفل کے بٹ سے جتھو ں نے اہلکاروں کو الگ الگ کرکے مارا ۔زیر علاج اہلکاروں کی کھوپڑیاں، ٹانگیں اور بازو فریکچرہیں ۔ایس پی کو کیلوں والے ڈنڈو ں سے اس قدر بے رحمی سے مارا گیا کہ اسکی کھوپڑی اور برین ڈیمج ہوگیا اور آنکھ سوج گئی۔

انہوں نے کہا پنجاب میں 10 ہزار تربیت یافتہ اہلکاروں کی انسداد فسادات کیلئے خصوصی فورس قائم کی جائیگی۔ اجلاس میں پتنگ بازی کو ناقابل ضمانت قرار دینے اور پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی رولز 2024کی منظوری دی گئی۔ پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی کے باضابطہ قیام اور پیرا کیلئے اسسٹنٹ کمشنرز کو ہیئر نگ آفیسرز کے اختیارات دینے کی منظوری بھی دی گئی ۔ ماحولیاتی تبدیلی اور انسداد سموگ کیلئے سینئر منسٹر مریم اورنگزیب اور انکی ٹیم کو شاباش دی گئی ۔ بریفنگ میں بتایاگیا پنجاب میں کاشتکاروں نے کسان کارڈ سے 25ارب کے زرعی مداخل خرید لئے ۔مریم نوا زنے کہا پہلی مرتبہ پنجاب میں کھادکی قلت ہوئی نہ نرخ بڑھے ،گندم کی بوائی کا ٹارگٹ 16.6ملین ایکڑ مقررکیا گیا، 87فیصد گندم کی بوائی مکمل ہوگئی۔اجلاس میں پنجاب میں اپنی نوعیت کے پہلے او رمنفرد منیارٹی کارڈ اور اس کیلئے فنڈز کی منظوری دی گئی۔صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ ارڑوہ نے گرو نانک جنم دن کے شاندار انتظامات پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا ۔انہوں نے کہا سکھ یاتری پاکستان زندہ باد کے نعرے لگاتے واپس گئے ۔وزیراعلیٰ نے ننکانہ صاحب میں 3موٹل قائم کرنے کی ہدایت کی۔

پنجاب میں ہارس اینڈ کیٹل شو دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیاگیا، کابینہ نے ڈیڑھ ارب کی منظوری دی ۔ کابینہ نے پنجاب پولیس کے 210عراقی پولیس افسروں اوراہلکاروں کو ٹریننگ دینے کی منظوری دی ۔ بلدیاتی اداروں کی کارکردگی میں بہتری کیلئے جدید ترین مشینری فراہم کرنے ،لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترمیم اورپنجاب لوکل گورنمنٹ ورکس رولز میں ترمیم ،چوبرجی گارڈن میں سرکاری ملازمین کیلئے 3 سہ منزلہ ٹاور بنانے کی منظوری بھی دی گئی۔وزیراعلیٰ نے سرکاری ملازمین کو پلاٹ دینے او رگھر کیلئے قرض کا پلان طلب کرلیا ۔ سرکاری سکولوں میں سپوکن انگلش او رریڈنگ آورزکیلئے فاؤنڈیشنل لرننگ پالیسی،ہرڈسٹرکٹ میں ماڈل بازار قائم کرنے کیلئے ابتدائی طورپر 2ارب 58کروڑ،ٹرانسپلانٹ پروگرام کیلئے اڑھائی ارب کی منظوری دی گئی۔پنجاب بھر میں لیور،کڈنی، بون میرو اور دیگر ٹرانسپلانٹ کئے جائینگے ۔کابینہ نے پنجاب فرانزک سائنس اتھارٹی کے پرانے اور فرسودہ آلات تبدیل کرنے ،42 سال بعد بارڈر ملٹری پولیس اور بلوچ لیوی میں 464 خالی اسامیو ں پر بھرتیو ں،8ہسپتالو ں کے نئے بورڈ آف مینجمنٹ کے قیام کی منظوری دی۔ انڈس ریور سسٹم اتھارٹی پنجاب کے ممبر کی نامزدگی ،پنجاب اسمبلی کے دوسرے پارلیمانی سال کے کیلنڈر ، فرہاد شاہ کی بطور پراسیکیوٹر جنرل پنجاب تعیناتی کیلئے قواعد وضوابط ،فیڈمک کے خود مختار بورڈ آف ڈائریکٹرز کی تبدیلی اور چیئرمین قرآن بورڈ تعیناتی کی منظوری بھی دی گئی۔وزیر اعلیٰ نے ستھرا پنجاب پروگرام لانچ کرکے تین ماہ میں زیرو ویسٹ کا ہدف بھی مقرر کر دیا۔

وزیر اعلیٰ نے ایکسپو سینٹر منعقدہ تقریب میں صفائی کیلئے جدید لوڈرز، ٹرک اور دیگر آلات کا معائنہ کیا۔ سپرے مشین، روڈ واشراور ای بائیک دیکھیں، سینٹری ورکرز کو سراہا۔وزیر اعلیٰ نے خطاب کرتے عزم کا اظہار کیا کہ تین ماہ میں زیر ویسٹ پنجاب کا ٹارگٹ پورا کرینگے ۔ پہلی دفعہ شہروں اور دیہات کی یکساں صفائی کا پروگرام لائے ہیں۔ ہر شہر اور گاؤں میں گھر گھر جاکر کوڑا اٹھایا جائے گا۔چند ہفتوں میں ایک لاکھ افراد کو روزگار ملے گا۔سڑکوں، گلیوں کو دھوکر چمکایا جائے گا۔عملہ صفائی کو کم ازکم اجرت معاہد ہ کے تحت معاوضہ ملے گا۔ شہباز شریف کا ترقی کرتا پنجاب نہیں ملا،انکے جانے کے بعد چار سالہ تباہ کن دور تنزلی کی طرف جاتا پنجاب ملا۔ وزیر اعلیٰ نے کہاجلاؤ گھیرؤ کی بار بار کال دی گئی پنجاب نے کان نہیں دھرا۔ کسی شہر سے دو درجن سے زیادہ لوگ نہیں نکلے ۔ لاہور میں جب کوئی نکلا ہی نہیں تو نظر کہا ں آئے گا۔ احتجاج کی ہر کال بری طرح پٹ گئی۔ ہم نے بھی چار سال جلسے جلوس اور عوام کے ساتھ گزارے کبھی گملا بھی نہیں ٹوٹا۔ 9 مئی کو اپنے ملک ہی پر حملے کرنے والوں پر اب کوئی اعتبار کرنے کو تیار نہیں۔ 24نومبر کو احتجاج نہیں بلوے ہوئے ۔ ہسپتال جا کر زخمیوں کی حالت دیکھ کر دنگ رہ گئی۔

دنیا میں کہاں ایسے پرامن احتجاج ہوتا ہے ۔ کے پی والے ہمارے بھائی ہیں وہ ایسے نہیں کر سکتے ، غیور اور بہادر پٹھان محب وطن ہیں۔ غیرملکی لوگوں کو پیسے دیکر تشدد، جلاؤ گھیراؤ اور آگ لگانے کی ذمہ داری دی گئی۔ کے پی کے غیور عوام کا پیسہ دہشتگردوں کو دے رہے ہیں۔ پستول اور رائفل سے مسلح افراد نے پولیس والوں کو گولیاں ماریں۔رینجرز اور پولیس اہلکاروں کے جنازے اٹھے دنیا نے دیکھے ، ہزار بندہ مر گیا تو جنازے کہا ں ہوئے ؟۔ ہزار سے 500،500 سے 270 اور اب 12افراد کے مرنے پر آگئے ہیں۔ بشریٰ بی بی کے فرار کی ویڈیو دکھا دی، لوگوں کو مارنے کی ویڈیو کیوں نہیں بنائی۔ رینجرز، پولیس اہلکار یا کسی کی بھی جان گئی تو اس کا ذمہ داراڈیالہ میں بیٹھا قیدی ہے ۔ کس نے کہا تھا غلط کام کرو اور جیل جاؤ۔ان کو کھل کر کھیلنے کی اجازت دی تو یہ خون کی ندیاں بہا دیں گے ۔ رینجرز اور پولیس کے درجنوں جوانوں کی ہڈیاں ٹوٹی ہوئی ہیں۔پرامن احتجاج ایسے ہوتا ہے ، آپ کو شرم آنی چاہیے ۔ ماسٹر مائنڈ جیل میں بیٹھا ہے ،اب اس سے جیل نہیں کاٹی جاتی۔ یہ دہشتگردوں کا گروہ ہے اس کا سدباب کرنا ہوگا۔ سرکاری ملازمین کو سادہ کپڑے پہنا کر حملہ آور بنا دیا جاتا ہے ۔صوبے کو وفاق کے سامنے کھڑا کرنا خطرناک ٹرینڈ اور کریمنل مائنڈ سیٹ ہے ۔ انکے کریمنل مائنڈ سیٹ کو ختم کرنا ہر پاکستانی کا فرض ہے ورنہ وہ آگ لگے گی کوئی نہیں بچے گا۔ ملک اونچی اڑان کی طرف گامزن ہے ہر آنے والے دن میں بہتری آئے گی۔وزیر اعلیٰ نے سپیشل افراد کے عالمی دن پر پیغام میں کہا سپیشل ہیروز کی حوصلہ افزائی اور معاونت کرنا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے ۔سپیشل ہیروز کیلئے میرے دروازے ہمیشہ کھلے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں