فوج قوم کی حمایت کیساتھ تمام خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے:آرمی چیف
راولپنڈی(خصوصی نیوز رپورٹر)پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر نے کہا پاکستان کی مسلح افواج، قوم کی حمایت کے ساتھ، تمام خطرات کے خلاف مادر وطن کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کی حفاظت کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نارووال اور سیالکوٹ میں فیلڈ مشق کے دورہ کے دوران خطاب کررہے تھے ۔ آرمی چیف کو مشق کے مقاصد اور انعقاد کے بارے میں ایک جامع بریفنگ دی گئی، جس کا مقصد پیشہ ورانہ مہارتوں اور میدان جنگ کے طریقہ کار کو بہتر بنانا تھا جو ابھرتے ہوئے آپریشنل چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے ضروری ہیں۔مشق کے دوران آرمر، انفنٹری، میکانائزڈ انفنٹری، آرٹلری، ایئر ڈیفنس، آرمی ایوی ایشن اور اینٹی ٹینک گائیڈڈ میزائل یونٹس کی جانب سے مربوط فائر اور مینیوور آپریشنز کیے گئے ۔ اس مشق میں جنگی صلاحیتوں اور معلوماتی آپریشنز کے موثر استعمال کا بھی مظاہرہ کیا گیا جو دشمن کے مواصلات میں خلل ڈالنے اور جدید میدان جنگ کے ماحول میں غلط معلومات کی حکمت عملیوں کا مقابلہ کرنے کیلئے ڈیزائن کیا گیا ہے ۔ آرمی چیف نے پورا دن فوجیوں کے ساتھ میدان میں گزارا، ان کے تربیتی معیار، آپریشنل تیاری اور بلند حوصلے کی تعریف کی۔ شرکا کے ساتھ اپنی بات چیت میں، انہوں نے مخالف قوتوں کی طرف سے لاحق کسی بھی ممکنہ خطرات کا مقابلہ کرنے کیلئے مستقل تیاری کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔قبل ازیں مشق کے علاقے میں پہنچنے پر کمانڈر گوجرانوالہ کور اور انسپکٹر جنرل آف ٹریننگ اینڈ ایویلیوایشن نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔