ریاست بچوں کو سستی ،معیاری تعلیم دینے میں ناکام :حافظ نعیم
اسلام آباد ،راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے ، خصوصی نامہ نگار )امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ انٹرنیٹ بند کرکے نوجوانوں کو مایوس، بے روزگار اور جمہوری آزاد ی کو سلب کیا جا رہا ہے۔
یہ ہتھکنڈے ناقابل برداشت ہیں، ملک کی باگ ڈور چند ارب پتیوں کے ہاتھ میں، جنہیں عوام کے مسائل کا اندازہ ہے نہ یہ ا نہیں ٹھیک کرنا چاہتے ہیں، ریاست اپنے بچوں کو سستی اور معیاری تعلیم دینے میں بھی ناکام ہوگئی۔ پاک چائنہ سینٹر اسلام آباد میں الخدمت فاؤنڈیشن کے تحت انٹرنیشنل والنٹیر ڈے پر یوتھ ایمپاورمنٹ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے ا نہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں آئی ٹی سیکٹر بلندیوں کو چھو رہا ہے ،ہمارے ہاں آئے روز فائر وال نصب کرنے کے تجربے ہوتے ہیں۔ حکومت جعلی معاشی اعدادوشمار سے عوام کو دھوکہ دے رہی ہے ، مہنگائی کم ہونے کے دعوے ہوائی ہیں ۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ملک میں ڈھائی کروڑ بچے تعلیم سے محروم ہیں ،پارلیمنٹ میں 80 فیصد ارب اور کھرب پتی لوگ بیٹھے ہیں جن کا عوام سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ الخدمت فاؤنڈیشن پورے ملک میں نوجوانوں کو فری آئی ٹی کورسز کرا رہی ہے ۔ اگلے چند سالوں میں ہم10لاکھ نوجوانوں کو فری آئی ٹی کورسز کرائیں گے ۔ دریں اثنا امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن سے جماعت اسلامی آزاد کشمیرکے سابق امیر عبدالرشید ترابی نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں مسئلہ کشمیرسمیت اہم امورتبادلہ خیال کیا گیا ، حافظ نعیم نے کہا کہ پاکستان کے حکمران مسئلہ کشمیر پر بطورفریق مودی کے اقدامات کے نتیجے میں پیدا ہونے والے ابہام کو دور کریں، اسلام آباد میں بیٹھے حکمران سیاسی سفارتی اور اخلافی حمایت سے آگے بڑھ کر کشمیریوں کی عملی مدد کریں ۔