عوام کو ریلیف نہ ملا تو دوبارہ تحریک چلائینگے :حافظ نعیم
کراچی (این این آئی)امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ آئی پی پیز کے ظالمانہ اور عوام دشمن معاہدوں کے خاتمے کے حوالے سے حکومت کو بھاگنے نہیں دیں گے، جماعت اسلامی اور حکومت کے معاہدے کا فالواپ کیا جارہا ہے
،آئی پی پیز سے اب تک ختم کیے گئے معاہدوں کا ریلیف عوام کو دیا جائے ،عوام کو حقیقی ریلیف نہ ملا تو دوبارہ احتجاج اور بھرپور تحریک شروع کریں گے ،ملک میں ایک طرف اصولی سیاست کے نام پر وصولی سیاست چل رہی ہے اور دوسری جانب انتخابات میں جیتنے والوں کو جیتنے نہ دینے کی غلط روش چل پڑی ہے جو جمہوریت اور عوامی رائے کی توہین ہے ،پیپلزپارٹی کی جانب سے عوامی انتخابات میں تبدیلی کی بدترین دھاندلی اور میئرشپ پر قبضے سے ملک بھر میں اس کی جمہوریت دشمنی بے نقاب ہوئی اور جماعت اسلامی کی ساکھ میں بہتری اور عوامی حمایت میں اضافہ ہوا،جماعت اسلامی کوکراچی میں بلدیاتی انتخابات کے مقابلے میں عام انتخابات میں 50سے 60فیصد زیادہ ووٹ ملے لیکن فارم 47کے ذریعے کراچی میں ایم کیو ایم کو مسلط کردیا گیا،جماعت اسلامی آج بھی عوام کی موثر اور توانا آوا زہے ،جماعت اسلامی نے ہمیشہ حق و انصاف،جمہوریت اور آئین کی بالادستی کی بات کی ہے ،احتجاج ہر پارٹی کا بنیادی حق ہے ،احتجاج کے راستے مسدود کرنے اور عوامی رائے کو دبانے کے عمل سے ملک درست سمت میں آگے نہیں بڑھ سکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نورحق میں جماعت اسلامی کراچی کے اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اجتماع ارکان سے امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان، سیکرٹری کراچی توفیق الدین صدیقی نے بھی خطاب کیا جبکہ نائب امیرجماعت اسلامی کراچی ڈاکٹر واسع شاکر نے درس حدیث پیش کیا۔حافظ نعیم الرحمن نے مزیدکہاکہ جماعت اسلامی کی حالیہ ممبر شپ مہم میں 20لاکھ سے زائد رجسٹرڈ ممبر بنے ہیں اس عمل کو مزید آگے بڑھائیں گے اور دوسرے مرحلے میں بلاک کوڈ کی سطح پر عوامی کمیٹیاں بنائی جائیں گی ۔ملک بھر کی نظر یں جماعت اسلامی کراچی پر ہوتی ہیں،کراچی میں جماعت اسلامی نے بڑی پیش رفت بھی کی ہے اس پیش رفت کا تسلسل قائم رکھنا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو اپنی داخلی و خارجہ پالیسیوں کو ری وزٹ کرنا ہوگا ،افغانستان اور پاکستان کے درمیان تعلقات میں بہتری دونوں ممالک کے لیے ضروری ہے ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ حماس اور اہل فلسطین کی جدوجہد ایک دن ضرور کامیاب ہوگی،فلسطین پر اسرائیل کا حق کسی صورت تسلیم نہیں کیا جاسکتا یہی پاکستان کی قومی پالیسی ہے اور اس سے انحراف کسی کو بھی ہرگز نہیں کرنے دیا جائے گا۔بنگلہ دیش میں جماعت اسلامی طویل آزمائشوں اور قربانیوں کے بعد ایک بار پھر ابھر کر سامنے آئی ہے ۔