حکومت بجلی کی قیمتیں کم کرے ورنہ ملک گیراحتجاج،عوام تیار رہیں:حافظ نعیم

حکومت بجلی کی   قیمتیں  کم کرے ورنہ ملک گیراحتجاج،عوام تیار رہیں:حافظ نعیم

لاہو ر(سٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت بجلی کی قیمتیں کم کرے بصورت دیگر جماعت اسلامی ملک گیر احتجاج کا آغاز کرے گی، عوام کال پر تیار رہیں۔

فیصل آباد میں اجتماع ارکان سے خطاب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیرداخلہ محسن نقوی نے منصورہ آ کر جماعت اسلامی کی قیادت کو آئی پی پیز معاہدوں پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔ ہم نے انہیں واضح طور پر بتا دیا ہے کہ عوام کو ریلیف نہ ملا تو جماعت اسلامی کے پاس احتجاج کے علاوہ کوئی آپشن نہیں ہے ۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی جاوید قصوری اور امیر ضلع محبوب الزماں بٹ بھی اس موقع پر موجود تھے ۔امیر جماعت نے کہا کہ جماعت اسلامی پورے ملک میں عوامی کمیٹیاں تشکیل دے رہی ہے ، پوری طاقت سے عوامی حقوق کے لیے جدوجہد کا آغاز کریں گے ، حکمران اشرافیہ اپنی مراعات کم کرنے کو تیار نہیں، تنخواہیں بڑھا رہی ہے جب کہ دوسری طرف عوام کا خون نچوڑا جا رہا ہے ۔ مدارس رجسٹریشن کے مسئلہ پر فضل الرحمن اور جماعت اسلامی کے موقف میں یکسانیت نہیں،عوام کے ووٹوں سے کامیاب ہونے والے وزیراعظم نے تو ابھی تک عہدہ ہی نہیں سنبھالا۔ جوڈیشل کمیشن بن جائے اور فارم 45منگوا لیے جائیں تو موجودہ حکومت فارغ ہو جائے گی۔ نواز شریف کی شکایتیں درست نہیں، ان کے بھائی وزیراعظم اور بیٹی وزیراعلیٰ ہیں اور وہ خود ہارے ہوئے تھے تاہم 70ہزار جعلی ووٹ ڈلوا کر انہیں جتوایاگیا۔جماعت اسلامی کی جدوجہد عوام کے حقوق کے تحفظ کے ساتھ ساتھ اس فرسودہ نظام کی تبدیلی کے لیے ہے ۔ موجودہ حکمران اشرافیہ جس میں جاگیردار، سول بیوروکریسی اور اسٹیبلشمنٹ شامل ہے نے جمہور کی آواز کو دبا کر رکھاہوا ہے ، یہ اپنے آپ کو نعوذباللہ خدا سمجھ بیٹھے ہیں۔ کارکن جماعت اسلامی کے پیغام کو عام کریں، نوجوانوں کو ترغیب دیں، گلی محلوں تک پہنچیں اور اپنے آپ کو بڑی تحریک کے لیے تیار کریں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں