پاکستان کو پر امن،خوشحال بنانے کے لیے ملکر کام کرناہوگا:آرمی چیف:دنیا بھرمیں مسیحی غزہ کیلئے آواز اٹھائیں:وزیراعظم
اسلام آباد(اے پی پی،مانیٹرنگ ڈیسک،دنیا نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے کرسمس کے موقع پر مسیحی برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ، ان کی فلاح ، ترقی و خوشحالی ہماری اولین ترجیح ہے ، یہ پاکستان کے قابل فخر مساوی شہری ہیں۔
پاکستان ہم سب کا ہے اور سب نے مل کر پاکستان کو عظیم سے عظیم تر بنانا ہے ،مسیحی برادری کا پاکستان کی ترقی میں کردار سنہری حروف سے لکھا جائے گا، دنیا بھر میں مسیحی غزہ کیلئے آواز اٹھائیں ،دنیا کو فلسطین میں خون کی ہولی ختم کرانے کیلئے زور لگانا ہوگا،قتل و غارت کا بازار گرم ہے ، ہزاروں فلسطینی شہید کئے جا چکے ،امن، ترقی ،خوشحالی کیلئے ملکر کام کرنا چاہئے ۔ وہ بدھ کو وزیراعظم ہاؤس میں کرسمس کی خصوصی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ اس موقع پر وزیر اطلاعات ونشریات عطا اﷲتارڑ نے بھی خطاب کیا ۔ بشپ ڈاکٹر جوزف اشرف نے کرسمس کا پیغام پڑھ کر سنایا، مسیحی بچوں نے نغمے پیش کئے ۔ وزیراعظم نے کہا حضرت عیسی ٰ ؑامن کے داعی تھے جن کا قرآن پاک میں واضح ذکر ہے اور وہ اﷲکے پیغمبر ہیں، آج بدقسمتی سے حضرت عیسی ٰ ؑکی جائے پیدائش پر معصوم بچوں، خواتین ، بزرگوں اور نوجوانوں کو بے دردی سے قتل کیا جارہا ہے ، ہم نے اس دن کی مناسبت سے پوری دنیا میں جہاں بھی مسیحی بستے ہیں مل کر فلسطین میں اس خون کی ہولی کو ختم کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنے کا عزم کرنا ہے ۔انہوں نے کہا حضرت عیسیٰ ؑامن کے داعی تھے ، ان کے مشن کے فروغ کیلئے فلسطین میں جنگ بندی وقت کی ضرورت ہے ۔ وزیراعظم نے کہا پاکستان میں مسیحی برادری امن اور سکون سے رہ رہی ہے ، ان کی قیام پاکستان اور اس کے بعد تکمیل پاکستان میں آج تک نمایاں خدمات ہیں، تعلیم اور صحت کے میدان ، سرکاری اور دفاع وطن کیلئے ان کی خدمات، 1965 اور 1971 کی جنگ سمیت پاکستان کیلئے ان کا کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا آج کے دن ہم نے مل کر امن ، ترقی کے سفر کو فروغ دینے کا عزم ، تفریق در تفریق کا خاتمہ کرنا ہے ، اپنے اپنے جذبات کو قابو میں رکھ کر برداشت اور تحمل سے کام لینا ہے ۔ وزیراعظم نے کہا ہمیں مل کر پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا حصہ ڈالنا ہے ۔ انہوں نے کہا بابائے قوم کا اقلیتوں کے حوالے سے یہ بیان ہمارے لئے مشعل راہ ہے کہ اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ اور فروغ ہماری اولین ترجیح ہے ، یہ پاکستان کے برابر کے قابل فخر شہری ہیں، ان کی فلاح اور ترقی ہمارے ایجنڈے کا بنیادی نقطہ ہے ۔ انہوں نے کہا میں آپ یقین دلاتا ہوں آپ کی ترقی اور خوشحالی نہ صرف ہمیں عزیز ہے بلکہ ہماری ذمہ داری ہے جسے بھرپور انداز میں ادا کرتے رہیں گے اور مل کر پاکستان کو عظیم بنائیں گے ۔ انہوں نے کرسمس نغمے پیش کرنے والے بچوں کو سراہا۔ وزیراعظم نے شرکا کے ساتھ مل کر کرسمس کیک بھی کاٹا اور نغمہ پیش کرنے والے بچوں کے ساتھ گروپ فوٹو بنوایا۔دریں اثنائوزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے دکھ اور مصیبت کی گھڑی میں پارا چنار اور خیبر پختونخوا کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ و زیر اعظم سے ان کی رہائشگاہ میں مختلف وفاقی وزرا نے ملاقاتیں کیں جن میں ملک کی سیاسی و سکیورٹی صورتحال ،وزرا کی کارکردگی اور دیگر امور پر تبادلہ خیال گیا گیا۔ ملاقات کرنے والوں میں عبدالعلیم خان، شزا فاطمہ اور سینئر رہنمارانا مشہود احمد خان شامل تھے ۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم سے وزیراعظم نے نجکاری سمیت اہم معاملات پر بریفنگ لی۔وفاقی وزیر شزا فاطمہ کی جانب سے آئی ٹی سے متعلق اہم معاملات پر وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی۔
راولپنڈی (اے پی پی،خصوصی نیوز رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک)چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ملک کیلئے مسیحی برادری کی خدمات قوم کیلئے فخر اور طاقت کا ذریعہ ہیں، قائد اعظم کا پرامن اور خوشحال ملک بنانے کیلئے اجتماعی عزم کریں، آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے سینٹ جوزف کیتھولک کیتھیڈرل چرچ راولپنڈی میں کرسمس کی تقریب میں شرکت کی۔جہاں آمد پر شرکا کی جانب سے ان کا پرتپاک استقبال اور اس پرمسرت موقع پر ان کی موجودگی اور یکجہتی پر ان سے اظہار تشکر کیا گیا ،آرمی چیف نے اس موقع پر ملک بھر کی مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارکباد دیتے ہوئے اس بات پر زور دیاکہ کرسمس ہمدردی،خیر سگالی کی آفاقی اقدار کے ان اصولوں کی گہری یاد دہانی کراتا ہے جو ہمارے متنوع معاشرے کو ایک دوسرے سے جوڑتے ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ثقافتی، سماجی،اقتصادی اور قومی ترقی میں اقلیتوں اور مسیحی برادری کی قابل ذکر خدمات کو سراہتے ہیں جو قوم کے لئے فخر اور طاقت کا ذریعہ ہیں۔
آرمی چیف نے اس موقع پر قائد اعظم کو بھی خراج عقیدت پیش کیا اور کہا قائد اعظمؒ کی دور اندیش قیادت میں اتحاد اور نظم و ضبط کے اصولوں پر ثابت قدمی نے پاکستان کی تعمیر کی راہ ہموار کی، قوم کی تعمیر کا ایک لازوال خاکہ بھی فراہم کیا۔قائداعظم کے آزادی، مساوات اور مذہبی رواداری کے اصول آج بھی قوم کو درپیش چیلنجز کے حل کے لیے رہنمائی فراہم کرتے ہیں،آج کے دن ہم یہ عہد کریں کہ قائداعظم کے خواب کو حقیقت میں بدلنے کے لیے اپنی بھرپور کوششیں جاری رکھیں گے ، پاکستان کو ایک پرامن اور خوشحال ملک بنانے کیلئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔پاکستان کو قائد کے اصولوں کے مطابق پرامن خوشحال قوم بنانے کا اجتماعی عزم کریں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، مسلح افواج کے سربراہان اور افواج پاکستان قائداعظم کے لازوال ویژن اور بے مثال قیادت کو خراج تحسین پیش کرتی ہیں، جن کی انتھک کوششوں نے ہمارے عوام کو متحد کیا اور ایک خودمختار اور آزاد پاکستان کی بنیاد رکھی۔ قومی اہمیت کے اس دن پر، ہم اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے ان کے رہنما اصولوں کے لیے اپنی غیر متزلزل وابستگی کی تجدید کرتے ہیں۔