ایسا پنجاب بنا رہے ہیں کسی کو کوئی ڈر،خوف خطرہ لاحق نہ ہو:مریم نواز

ایسا پنجاب بنا رہے ہیں کسی کو کوئی ڈر،خوف خطرہ لاحق نہ ہو:مریم نواز

لاہور(دنیا نیوز،خبر ایجنسیاں)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے کہاہے ایسا پنجاب بنا رہے ہیں کسی کو کسی قسم کا کوئی ڈر،خوف یا خطرہ لا حق نہ ہو۔مسیحی برادری کے لئے محفوظ معاشرے کے قیام پر خصوصی توجہ دے رہی ہوں۔

 خوشی ہے ایسا پنجاب بن رہا ہے ،جہاں ہم عید بھی مناتے ہیں، کرسمس، ایسٹر، دیوالی سمیت تمام تہوار مناتے ہیں۔پنجاب میں باباگورونانک کا جنم دن، بیساکھی اورہولی بھی منائی جاتی ہے ۔ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ مینارٹی کارڈ شروع کررہے ہیں۔مینارٹی کارڈ سے نادار اقلیتی بہن بھائیو ں کی گھر بیٹھے گزر بسر کے لئے ہر تین ماہ بعد مالی معاونت فراہم کی جائے گی۔ مینارٹی کارڈ 2025 کے شروع میں لانچ کردیا جائے گا۔لاہور کے بڑے چرچ ہاؤس آف پرئیر میں کرسمس کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کرسمس کی تقریب میں شریک بہنوں،بھائیوں او ربزرگوں کو سلام پیش کرتی ہوں۔میری کرسمس ٹو آل آف یو۔ مسیحی برادری کا شکریہ اداکرتی ہوں کہ انہوں نے مجھے اپنی خوشیوں میں شامل کیا۔رات کو وزٹ سے اجتناب کرتی ہوں لیکن مسیحی برادری کی خوشیوں میں شرکت کے لئے خصوصی طورپر آئی ہوں۔مریم نواز نے کہا محمد نوازشریف اکثر کہتے ہیں ۔ مینارٹی کا لفظ استعمال نہ کیا کرو، اقلیتیں ہم سے بھی زیادہ پاکستانی ہیں۔اسی برس ایسٹر کی تقریب کے لئے شیخوپورہ کے نواحی علاقے مریم آباد گئی، مسیحی برادری کو مبارکباد دینے گھروں میں گئی،بہت محبت اوراحترام سے انہوں نے میرا استقبال کیا۔انہوں نے کہا میری تمام تر توجہ اقلیتی برادری کے لئے بہتر پاکستان اور بہتر پنجاب بنانے پر ہے ۔

مسیحی برادری کیلئے بجٹ 200فیصد تک بڑھا دیا ہے ، میرا بس چلے تو 5ہزار فیصد تک بڑھا دوں۔ انہوں نے کہا مسیحی برادری کا بجٹ بڑھانا کسی قسم کا احسان نہیں بلکہ آپ کا حق ہے ،اقلیتی برادری کی جتنی مالی معاونت کرپائے کریں گے تاکہ نادار اقلیتی بہن بھائی کسی کے آگے ہاتھ نہ پھیلائیں۔وزیراعلیٰ نے کہا ریاست ماں کی طرح ہوتی ہے ۔ آپ کی وزیراعلیٰ آپ کی ماں کی طرح ہے اور ماں اپنے بچوں میں تفریق نہیں کرتی۔وزیر اعلیٰ نے کہا پنجاب حکومت کے ہر پراجیکٹ میں سب برادریوں کا برابر کاحصہ ہے ۔ عوام کی حفاظت اورترقی میری ذمہ داری ہے ۔میں آپ کے لئے دن رات کام کررہی ہوں۔میرے لئے اقلیت اور اکثریت سب برابر ہیں۔جو اقلیتی بہن بھائیوں کو تکلیف دے گا وہ مجھے تکلیف دے گا۔میرے دفتر، دل اور گھر کے دروازے اقلیتی برادری کے لئے ہمیشہ کھلے ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا جب مجھے پتہ چلا کہ کرسمس تقریب میں 10ہزار لوگ ہیں تو میں 10ہزار کیک لائی ہوں۔

کرسمس کے 10ہزار کیک مریم نوازشریف کی محبت کا ایک چھوٹا سا نذرانہ ہے ۔ قبل ازیں چرچ ہاؤس آف پرئیر پہنچنے پر وزیر اعلیٰ مریم نواز کا پرجوش استقبال کیا گیا۔رنگا رنگ لباس میں ملبوس ننھی بچیوں نے روائتی روسی دعائیہ گیت کوئیر پیش کیا۔وزیر اعلیٰ نے ننھی بچیوں کو پاس بلا کر پیار کیا۔انہوں نے مسیحی سپیشل بچی کو بھی پاس بلایا اور اظہار شفقت کیا۔بشپ عرفان جمیل نے دعائیہ کلمات ادا کئے ۔پاسٹر سالک جان برکت نے کرسمس کا پیغام پیش کیا۔وزیر اعلیٰ نے مسیحی برادری کے لئے 10 ہزار کرسمس کیک کا تحفہ دیا۔تقریب میں وزیر اعلیٰ نے سب کے ساتھ ملکر کرسمس کیک بھی کاٹا۔ مریم نواز نے کرسمس گرانٹ کے 15،15 ہزار کے چیک بھی تقسیم کئے ۔ مریم نواز لاہور کے سب سے بڑے چرچ کا دورہ کرنے والی پہلی وزیر اعلیٰ ہیں۔وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں