ہر تھیٹر ، آرٹس کونسل کی رونقیں بحال کرینگے :عظمیٰ بخاری
لاہور (سٹاف رپورٹر )وزیر اطلاعات پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ قائداعظمؒ ہمارے لئے رول ماڈل، انکی خدمات کے اعتراف میں ایک دن منانا ناکافی ہے ۔
آج ہم تمام صوبائی وزرا اور بیوروکریسی ملکر قائد کو لازوال خدمات پر خراج عقیدت پیش کرر ہے ہیں۔ رونا رلانا، مار دو، جلا دو بہت آسان ہے ،لوگوں کو خوشیاں دینا بہت مشکل ہے ۔ وزیر اعلٰی مریم نواز اپنے والد کی طرح دن رات عوام کی خدمت کررہی ہیں، انہوں نے مجھے پنجاب کا کلچر بحال کرنے کی ذمہ داری سونپی ہے ،بطور وزیر ثقافت کوشش کر رہی ہوں کہ کلچر بحال کیا جائے ، اس سلسلے میں کمیٹی بنا دی ہے ،پنجاب کے ہر تھیٹر اور آرٹس کونسل کی رونقیں بحال کرینگے ۔ تمام آرٹس کونسلز میں پروگرام ہونگے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قائداعظم ؒکے یوم ولادت، پارٹی قائدنواز شریف کی سالگرہ اور کرسمس تقریب میں کیا۔ انہوں نے کہا نواز شریف 75 سال کے ہونے کے باوجود آج بھی قوم کی خدمت کیلئے کوشاں اورہم سے زیادہ کام کرتے ہیں۔ آج کرسمس پرہمیں ملکر پاکستان کاخوبصورت اور پر امن چہرہ دنیاکو دکھانا ہے ،صوبائی وزیر رومیش سنگھ اروڑہ اقلیتوں کی بہبود اورفیصل ایوب کھیلوں کے فروغ کیلئے بہت محنت کر رہے ہیں۔ وزیر اعلی ٰکی سربراہی میں ترقی یافتہ پنجاب پوری دنیا میں نظر آئیگا،کہنے کو ایک کھلاڑی ملک کا وزیراعظم بنا لیکن وہ ملک کیساتھ ہی کھیل گیا۔ عظمٰی بخاری اور صوبائی کابینہ کے دیگر ارکان نے قائداعظمؒ اور نواز شریف کی سالگرہ سمیت کرسمس کے 3 الگ الگ کیک کاٹے ۔